میر اعجاز جکھرانی کی زیر صدارت پریژن پالیسی بورڈ کی تشکیل کے بعد پہلا اجلاس

زیر تعمیر جیلوں کو تجویز کردہ معیار کے تحت بنایا جائے جبکہ موجودہ جیلوں کی وسعت بھی بڑھائی جائے گی،مشیر جیل خانہ جات سندھ

جمعرات 1 اپریل 2021 23:48

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 اپریل2021ء) مشیر جیل خانہ جات میر اعجاز جکھرانی کی سربراہی میں محکمہ جیل خانہ جات سندھ کا پریژن پالیسی بورڈ کی تشکیل کے بعد پہلا اجلاس جمعرات کو کراچی میں ہوا ،جس میں ایم پی اے شرجیل انعام میمن، ایڈیشنل چیف سیکریٹری ہوم، آئی جی جیلز، اسپیشل سیکریٹری لا کے علاوہ ٹیکنیکل ایجوکیشن، سوشل ویلفیئر، وومین ڈولپمینٹ، آئی ٹی اور دیگر محکموں کے نمائندوں نے بحثیت بورڈ ممبر شرکت کی۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ سندھ کے جیلوں میں مینجمنٹ سسٹم کے تحت قیدیوں کا رکارڈ کمپیوٹرائزڈ کیا جائے گا۔مشیر جیل خانہ جات میر اعجاز جکھرانی نے کہا کہ قیدیوں کی میڈیکل ہسٹری اور دیگر معلومات کو بھی رکارڈ کا حصہ بنایا جائے۔میڈیکل ریکارڈ سے قیدیوں کی صحت اور اعلاج کے حوالے سے مدد مل سکے گی۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ زیر تعمیر جیلوں کو تجویز کردہ معیار کے تحت بنایا جائے جبکہ موجودہ جیلوں کی وسعت بھی بڑھائی جائے گی۔

جیل سے رہائی کے بعد قیدیوں کو کارآمد شہری بنانے کے لیے تربیتی پروگرام میں دیگر ہنر کے ساتھ کمپیوٹر کی تعلیم بھی دء جائے۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ رہائی کے بعد قیدیوں کی معاشرتی رہنمائی/ مدد کے لیے محکمہ جیل کی طرف سے افسر مقرر کیا جائے گا۔گھر کے واحد کفیل کے جیل جانے کی صورت میں اس کے خاندان کے افراد کی کس طرح مدد کی جائے بورڈ اپنی تجاویز پیش کرے گا۔پریژن پالیسی بورڈ محکمہ جیل میں انتظامی اور دیگر اہم امور کے سلسلے میں اصلاحات کے لیے بھی تجاویز پیش کرے گا۔