بنوں میں امن و امان کے قیام کیلئے محب وطن پاکستانی جانی خیل و دیگر اقوام نے ناقابل فراموش کردار ادا کیا ہے،ثناء اللہ

بنوں آنے کا مقصد شہید بچوں کو خراج عقیدت اور قبائل کے قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرنا مقصود ہے،انسپکٹر جنرل پولیس خیبر پختونخوا

جمعرات 1 اپریل 2021 22:24

پشاور/بنوں(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 اپریل2021ء) انسپکٹر جنرل پولیس خیبر پختونخوا ثناء اللہ عباسی نے کہا ہے کہ ضلع بنوں میں امن و امان کے قیام کیلئے ڈویژنل انتظامیہ، پولیس،ریاستی اداروں اور محب وطن پاکستانی جانی خیل و دیگر اقوام نے ناقابل فراموش کردار ادا کیا ہے جس کی پوری قوم معترف ہے۔وہ کمشنر بنوں آفس کے کانفرنس روم میں جانی خیل اقوام اور عمائدین علاقہ سے ملاقات میں اظہار خیال کر رہے تھے۔

کمشنر بنوں ڈویژن شوکت علی یوسفزئی نے بنوں پہنچنے پر آئی جی پولیس کا استقبال کیا جبکہ پولیس کے چاک و چوبند دستے نے سلامی پیش کی اور ڈویژنل انتظامیہ نے خوش آمدید کہا۔ اس موقع پر کمشنر بنوں ڈویژن شوکت علی یوسفزئی،بریگیڈئیر عمر چیمہ،ریجنل پولیس آفیسر سجاد علی، ڈپٹی کمشنر بنوں کیپٹن (ر) محمد زبیر خان نیازی، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر بنوں عمران شاہد، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر شمالی وزیرستان شفیع اللہ خان گنڈاپور، سیکرٹری ٹو کمشنر بنوں ضیاء الرحمن موجود تھے۔

(جاری ہے)

انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا ثناء اللہ عباسی نے کہا کہ ان کے بنوں آنے کا مقصد شہید بچوں کو خراج عقیدت اور قبائل کے قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرنا مقصود ہے۔ کمشنر بنوں ڈویژن شوکت علی یوسفزئی نے ابتدائی کلمات ادا کرتے ہوئے گزشتہ دنوں جانی خیل واقعے میں امن کے قیام کیلئے جانی خیل اقوام کے مشران کا شکریہ ادا کیا اور جرگہ کے ذریعے مسئلے کا حل نکال کر امن کے قیام کیلئے اٹھائے گئے اقدامات کو سراہا۔

اس کے بعد جانی خیل مشران نے بھی اظہارِ خیال کیا اور امن و امان قائم رکھنے کیلئے جدو جہد جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔اس موقع پر انسپکٹر جنرل پولیس خیبرپختونخوا ثناء اللہ عباسی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت نے جانی خیل اقوام کے ساتھ معاہدہ میں جو بھی فیصلے کیے ہیں اس پر سو فیصد من و عن عمل درآمد ہوگا۔اس کے علاؤہ ضم شدہ اضلاع میں پولیس میں مقامی افراد بھرتی کئے جائیں گے جبکہ خاصہ دار ٹریننگ لے کر ریگولر پولیس بن چکے ہیں تاکہ علاقے میں امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھا جا ئے اور انتشار پھیلانے والے عناصر کی سرکوبی ممکن ہو سکے۔

انسپکٹر جنرل پولیس نے مزید کہا کہ امن کے قیام اور علاقے کی ترقی کیلئے عوام،حکومت اور تمام ادارے متحد ہیں جو آئندہ کے چیلنجر سے نمٹنے کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں۔اسی مقصد کیلئے میں آپ غیور قبائل کی اس ملک کیلئے قربانیوں کے اعتراف اور اظہار یکجہتی کیلئے حاضر ہواہوں اور بہت جلد آپ کے علاقے کا دورہ بھی کروں گا۔ بعد ازاں انسپکٹر جنرل پولیس خیبرپختونخوا اور شرکاء نے شہداء کے بلند درجات اور ملکی سلامتی کیلئے دعا بھی کی۔