بلوچستان کی حکومت مزدور تنظیموں کے مطالبات فی الفور حل کرے ،چوہدری محمد یٰسین

یونی لیور ایمپلائز فیڈریشن اور فارورڈ گیئر ورکر یونین کو ریفرنڈم جیتنے پر مبارکباد کا پیغام

جمعہ 2 اپریل 2021 23:45

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 اپریل2021ء) حکومت بلوچستان آل گورنمنٹ ایمپلائز گرینڈ الائینس (اگیگا) بلوچستان اور تمام مزدور تنظیموں کے مطالبات فی الفور حل کرے ،پاکستان ورکرز فیڈریشن اگیگا بلوچستان اور دیگر ملازمین کے مطالبات کی مکمل حمایت کرتی ہے ،ان خیالات کا اظہار پاکستان ورکرز فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل اور قائدسی ڈی اے مزدور یونین چوہدری محمد یٰسین،صدر پی ڈبلیو ایف چوہدری نسیم اقبال ،چیئرمین ماما عبدالسلام بلوچ،نیشنل کوآرڈینیٹر شوکت علی انجم،آل پاکستان اخبارفروش فیڈریشن کے جنرل سیکرٹری ٹکا خان نے مشترکہ بیان میں کیا ،انھوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان نے تمام ملازمین کے لیے پچیس فی صد الائونس کی مد میں فوری اضافہ کیا ،وفاق سمیت تمام دیگر صوبوں نے وزیر اعظم کی ہدایت پر عمل درآمد شروع کر دیا اس حوالے سے اگیگا بلوچستان اور دیگر پاکستان ورکرز فیڈریشن سے ملحقہ تنظیمیں گزشتہ چاردن سے سراپا احتجاج ہیں لیکن حکو مت بلوچستان اس حوالے سے عدم دلچسپی کا مظاہرہ کر رہی ہے اس موقع پر رہنمائوں نے وزیر اعظم پاکستان ،صوبائی حکومت بلوچستان اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ فی الفور مزدور نمائندوں سے مذاکرات کر کے مطالبات حل کیے جائیں تاکہ بلوچستان کے مزدوروں میں پائی جانے والی بے چینی کا خاتمہ ہو سکے اور صنعتی امن برقراررہ سکے ،اس موقع پر انھوں نے اگیگا بلوچستان اور دیگر مزدور تنظیموں سے مکمل اظہار یکجہتی کا پیغام دیا اور ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ مشکل کے اس وقت میں پاکستان ورکر زفیڈریشن بلوچستان کے مزدوروں کے ساتھ کھڑی ہے ،پاکستان ورکر زفیڈریشن کے مرکزی رہنمائوں نے فارورڈ گیئر ورکر یونین اور یونی لیور ایمپلائز فیڈریشن کو ریفرنڈم کی کامیابی پر دل کی اتھاہ گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی ۔