سینیٹ معاملے پرپیپلزپارٹی اپنی غلطی تسلیم کرے، رانا ثناء اللہ

[پیپلز پارٹی کی بے اصولی پر سمجھوتہ نہیں ہو سکتا ، ڈسکہ کا فیصلہ حکومت کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگا، میڈیا سے گفتگو

ہفتہ 3 اپریل 2021 17:00

× لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 اپریل2021ء) مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کی بے اصولی قابل معافی نہیں، پیپلزپارٹی بے اصولی پر قائم رہی تو اس کا پی ڈی ایم کے ساتھ چلنا مشکل ہوجائے گا۔پیپلزپارٹی سینیٹ کے معاملے پر اپنی غلطی تسلیم کرے۔ ہفتہ کو لا ہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ ڈسکہ الیکشن میں ووٹ چور حکومت پکڑی گئی، یہ لوگ وہ ہیں جو چور چور کا شور مچاتے ہیں اور خود چوری کرتے ہیں، 20 پریذائیڈنگ افسران جس فارم ہاوًس میں رکھے گئے ان 20 پریذائیڈنگ آفیسرز کو نوکری سے برخاست کرکے ان کے مالک کو گرفتار کیا جائے ، ڈسکہ الیکشن چرانے میں وزیراعظم اور وزیراعلیٰ خود ملوث ہیں، ان کو نااہل قرار دیکر سزا د ی جائے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ڈسکہ کا فیصلہ حکومت کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگا، پی ڈی ایم ووٹ چور کے خلاف متحد ہے، پی ڈی ایم حکومت کے خلاف جدوجہد جاری رکھے گی، ہم خاموش رہ کر حکومتی انتقامی کارروائیوں کا حصہ نہیں بننا چاہتے۔رانا ثنا اللہ نے کہا کہ آئین کی عملداری کے بغیر ملک آگے نہیں بڑھ سکتا، دھکے اس لیے کھارہے ہیں اس ملک میں آئین اور قانون کی عملداری نہیں، استعفوں کے معاملے پر پیپلز پارٹی کی رائے کا احترام کرتے ہیں، پیپلزپارٹی نے سینیٹ میں اپوزیشن لیڈرکے لیے جس طرح ووٹ لیے وہ غلط تھا، رضاربانی، اعتزازاحسن اور مصطفیٰ نواز کھوکھر نے بھی پیپلز پارٹی کے اقدام سے اختلاف کیا ہے، پیپلز پارٹی کی بے اصولی کو معاف نہیں کیا جاسکتا، پیپلزپارٹی اپنی غلطی کو تسلیم کرے، پیپلز پارٹی بے اصولی پرقائم رہی تو اس کا پی ڈی ایم کے ساتھ چلنا مشکل ہوجائے گا ۔