صوبائی وزیر زراعت کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے ریسورس موبائلائزیشن کااجلاس

منگل 6 اپریل 2021 16:28

صوبائی وزیر زراعت کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے ریسورس موبائلائزیشن ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اپریل2021ء) صوبائی وزیر زراعت سید حسین جہانیاں گردیزی کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے ریسورس موبائلائزیشن کا محکمہ آبپاشی کے ہیڈکوارٹر میں اجلاس کا انعقاد ہوا۔صوبائی وزیر آبپاشی محسن خان لغاری نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں خصوصی شرکت کی۔صوبائی وزیر زراعت نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کی معاونت سے ای آبیانہ سسٹم کا 4 کینال ڈویژنز میں اجرا ہوچکا ہے۔

اس ٹیکنالوجی کے ذریعے رقبہ کے سیراب ہونے اور نہ ہونے کا پتہ چلایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ای آبیانہ سسٹم ای پیمنٹ پنجاب پروگرام کا حصہ ہے اور شہری سہولیات کو ڈیجیلائز کرنا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ صوبائی وزیر آبپاشی محسن خان لغاری نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ کسانوں کے لئے آسانیاں پیدا کرنا حکومت پالیسی کا اہم جزو ہے جبکہ تاوان اور بقایا جات کی ادائیگی کے لئے ای آبیانہ کا نظام مفید ثابت ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ریکارڈ مرتب کرنے کے نظام سے وصولیوں میں بہتری آئے گی اور اس نظام کے ذریعے غفلت برتنے والے اہلکاروں کا تعین بھی کیا جاسکے گا۔اس موقع پرسیکرٹری آبپاشی پنجاب سیف انجم اور چیئرمین پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ ا ظفر منظور نے اجلاس کو ای آبیانہ سسٹم پر تفصیلی بریفنگ دی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ اس سسٹم کے ذریعے تمام موگہ جات (آئوٹ لیٹس) کے نمبر داروں اور کاشتکاروں کا ڈیٹا حاصل کیا گیا ہے۔ ای آبیانہ بل تمام بنکوں کی برانچز، اے ٹی ایم کارڈز،موبائل بنکنگ اور تمام منی ٹرانسفرز شاپس کے ذریعے ادا کیا جاسکے گا۔