35ویں سالانہ ارب پتی افراد کی فہرست جاری

دنیا کی امیر ترین خاتون کی دولت امیر ترین مرد سے 100 ارب ڈالر کم

جمعرات 8 اپریل 2021 00:27

نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 اپریل2021ء) شہرہ آفاق امریکی اقتصادی جریدے ’فوربز‘ نے 35 ویں سالانہ ارب پتی افراد کی فہرست جاری کردی، جس میں 2755 ارب پتی افراد کو شامل کیا گیا ہے رواں سال جاری ہونے والی فہرست میں 500 سے زائد افراد کا اضافہ ہوا ہے، یعنی سال 2020 میں کورونا کی وبا کے باوجود لوگوں کی دولت میں بے تحاشہ اضافہ ہوا۔

دنیا کے امیر ترین شخص کا اعزاز ایک بار پھر امریکی کمپنی ایمازون کے بانی جیف بیزوز کے پاس چلا گیا، جن کی مجموعی دولت 177 ارب ڈالر ہے۔جیف بیزوز کی دولت اتنی زیادہ ہے کہ وہ دنیا کی امیر ترین خاتون سے تقریبا 100 اب ڈالر زیادہ ملکیت رکھتے ہیں۔یہی نہیں بلکہ دنیا کے امیر ترین شخص کی دولت دنیا کی امیر ترین تین خواتین کے تقریبا برابر ہے۔

(جاری ہے)

فوربز کی فہرست کے مطابق دنیا کی امیر ترین خاتون فرانسیسی کاروباری شخصیت و سماجی رہنما 67 سالہ فرانکوئس بیٹنکورٹ میئرس ہے، جن کے اثاثے 74 ارب ڈالر سے کم ہیں۔

جیف بیزوز کی دولت 177 ارب ڈالر جب کہ فرانکوئس بیٹنکورٹ میئرس کی دولت محض 73 ارب 60 کروڑ ڈالر ہے جو کہ دنیا کے امیر ترین شخص سے 100 ارب ڈالر کم ہے۔دنیا کی امیر ترین خاتون فرانکوئس بیٹنکورٹ میئرس معروف میک اپ و بیوٹی برانڈ ’لوریل‘ کی مالک ہیں، جو ان کے آبائو اجداد نے بنایا تھا۔دنیا کی دوسری امیر ترین خاتون امریکی کاروباری خاتون 71 سالہ الائس والٹن ہیں جن کے ریٹیلر کمپنی وال مارٹ میں شیئرز ہیں اور ان کی دولت 61 ارب 80 کروڑ ڈالر ہے۔

دنیا کی تیسری امیر ترین خاتون مکینزی اسکاٹ ہیں جو اس وقت دنیا کے امیر ترین شخص جیف بیزوز کی سابق اہلیہ ہیں اور انہیں ملنے والی دولت بھی سابق شوہر نے طلاق کے عوض دی تھی۔مکینزی اسکاٹ کی دولت 53 ارب ڈالر ہے اور دنیا کی تین امیر ترین خواتین کی مجموعی دولت 175 ارب ڈالر بنتی ہے جو کہ دنیا کے امیر ترین شخص کی دولت کے تقریبا برابر ہے یعنی دنیا کی تینوں امیر خواتین جتنی دولت دنیا کے امیر ترین مرد کے پاس ہے۔

دنیا کی چوتھی امیر ترین خاتون 58 سالہ امریکی خاتون جولیا کوچ ہیں جن کے پاس 46 ارب ڈالر سے زیادہ کی ملکیت ہے مگر ان کی دولت میں دیگر اہل خانہ بھی حصہ دار ہیں۔دنیا کی پانچویں امیر ترین خاتون 75 سالہ اسرائیلی نڑاد امریکی مریم ایڈلسن ہیں جب کے پاس 38 ارب ڈالر سے زائد کی دولت ہے۔مجموعی طور پر دنیا کی 10 امیر ترین خواتین کے پاس دنیا کے تین امیر ترین مرد حضرات جتنی دولت ہے۔