چائنا کی رائل گروپ کمپنی پاکستان میں بھینس کی پیداواری صلاحیت اور جینیاتی بہتری کے لئے زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے ساتھ مل کر کوششیں بروئے کار لائے گی

ان باتوں کا اظہار زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر آصف تنویر نے چین سے آئے ہوئے رائل گروپ کمپنی کے سات رکنی وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا

جمعہ 9 اپریل 2021 14:43

چائنا کی رائل گروپ کمپنی پاکستان میں بھینس کی پیداواری صلاحیت اور جینیاتی ..
فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 09 اپریل2021ء) چائنا کی رائل گروپ کمپنی پاکستان میں بھینس کی پیداواری صلاحیت اور جینیاتی بہتری کے لئے زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے ساتھ مل کر کوششیں بروئے کار لائے گی۔ اس مقصد کے لئے بہت جلد مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے جائیں گے۔ ان باتوں کا اظہار زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر آصف تنویر نے چین سے آئے ہوئے رائل گروپ کمپنی کے سات رکنی وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی کی کلیہ ویٹرنری سائنسز اور امور حیوانات کے ماہرین اس سلسلے میں رائل گروپ کے ساتھ مل کر بھینس کے دودھ کی پیداوار میں اضافے کے لئے مشترکہ کاوشیں بروئے کار لانے کے ساتھ ساتھ یونیورسٹی کے طلباوطالبات کے لئے لاہور میں قائم کئے جانے والے رائل گروپ کے مرکز میں انٹرن شپ کی سہولیات بھی میسر ہوں گی جس سے انہیں جدید رحجانات سیکھنے میں مدد مل سکے گی۔

(جاری ہے)

رائل گروپ کمپنی کے وفد کے صدر مسٹر شین ژی ژی نے اس موقع پر خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ زرعی یونیورسٹی فیصل آباد پاکستان کی زراعت اور لائیوسٹاک کے حوالے سے قدیم ترین دانش گاہ ہے جس کے ساتھ مل کر بھینس کے جینیاتی بہتری اور بریڈ کو اپ گریڈ کرنے کے حوالے سے مشترکہ کوششیں بروئے کار لانے کے لئے بہت جلد مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ چائنا میں گائے کے دودھ کی پیداوار دنیا کے ترقی یافتہ ممالک سے ہم آہنگ ہے جبکہ وہاں چھوٹے لائیوسٹاک فارمرز کی بجائے بہت بڑے کارپوریٹ فارمنگ یونٹ قائم کئے گئے ہیں جس میں ویلیوایڈیشن کے ذریعے دودھ کی مختلف مصنوعات تیار کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ راوی نیلی نسل کی پاکستانی بھینسیں دنیا بھر میں دودھ کی بہتر پیداوار کے حوالے سے مشہور ہیں جس کی بریڈنگ کو ترقی دے کر اسے بیرون ملک برآمد کرنے کے لئے ان کا گروپ منصوبہ بندی کر رہا ہے۔

اس موقع پر ڈین کلیہ ویٹرنری سائنسز پروفیسر ڈاکٹر ظفراقبال قریشی نے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی فیکلٹی میں مختلف ملکوں اور اداروں کے ساتھ مختلف منصوبہ جات شروع کئے گئے ہیں اور وہ چین کے گروپ کے ساتھ بھینس کی افزائش اور اس کے جینیاتی امکانات میں بڑھوتری کے لئے کام کرنے کے لئے تیار ہیں۔ اجلاس میں پرنسپل آفیسر اسٹیٹ مینجمنٹ ڈاکٹر جاوید اختر، اگرانومی کے پروفیسر اور ڈائریکٹر بیرونی رابطہ جات پروفیسر ڈاکٹر اشفاق احمد چٹھہ، پرنسپل آفیسر تعلقات عامہ پروفیسر ڈاکٹر محمد جلال عارف کے علاوہ چین سے آئے ہوئے رائل گروپ کمپنی کے نائب صدر ٹنگ کیوجن، جنرل مینیجر لی شی جیان، انویسٹمنٹ ڈائریکٹر زینگ چونگ، لیو زی یوآن اور چیئرمین گوانگ زی بشن انوسٹمنٹ ڈویلپمنٹ کمپنی زیاؤ زی چی نے بھی شرکت کی۔

وفد کے اراکین نے بعدازاں فیکلٹی آف ویٹرنری سائنسز کا دورہ بھی کیا جہاں انہیں ڈین پروفیسر ڈاکٹر ظفراقبال قریشی نے ایمبریو ٹرانسفر اور اینیمل بریڈنگ کے شعبہ جات میں دستیاب سہولتوں کے بارے میں مہمانوں کو بریفنگ دی۔