Live Updates

وزیر اعظم عمران خان کی حکومت کو گھر بھیجنے کی ایک اور منصوبہ بندی کا انکشاف

اپوزیشن کی 2 بڑی جماعتوں کے قائدین نے حکومت کو رخصت کرنے کے لیے پی ٹی آئی رہنماء جہانگیر ترین سے رابطے کیے ، مسلم لیگ ن ڈیل کے بدلے صوبہ پنجاب میں جہانگیر ترین کے ساتھیوں کا ساتھ چاہتی تھی ، آصف زرداری کے قریبی ساتھی اس وقت بھی جہانگیر ترین کے ساتھ رابطے میں ہیں ، ذرائع کا دعویٰ

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 10 اپریل 2021 13:10

وزیر اعظم عمران خان کی حکومت کو گھر بھیجنے کی ایک اور منصوبہ بندی کا ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 10 اپریل2021ء) وزیراعظم عمران خان کی حکومت کو گھر بھیجنے کی نئی منصوبہ بندی کا انکشاف ہوگیا۔ میڈیا ذرائع کے مطابق اپوزیشن کی 2 بڑی جماعتوں کے قائدین نے حکومت کو رخصت کرنے کے لیے پی ٹی آئی رہنماء جہانگیر ترین سے رابطے کیے ، یہ رابطے کئی ماہ سے جاری ہیں اور اس حوالے سے ایک لندن پلان بھی بنایا گیا۔ بتایا گیا ہے کہ یہ رابطے جہانگیر ترین کے لندن قیام کے دوران کیے گئے ، ملاقات کا پیغام جہانگیر ترین کو لندن میں حسین نواز کے ذریعے بھیجا گیا ، پاکستان مسلم لیگ ن ڈیل کے بدلے صوبہ پنجاب میں جہانگیر ترین کے ساتھیوں کا ساتھ چاہتی تھی ، اس حوالے سے حسین نواز نے لندن اور شہباز شریف نے پاکستان میں معاملات طے کرنے کا کہا جب کہ سابق وزیراعظم نواز شریف نے ملاقات کی کوششوں کے حوالے سے تمام رابطوں کو خفیہ رکھنے کی ہدایت کی۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن کی جانب سے کیے گئے رابطوں کے جواب میں جہانگیر ترین نے کہا کہ نواز شریف کی نااہلی میں کردار ادا کیا ، ایسی صورتحال میں ملاقات کیسے کرسکتا ہوں ، جب کہ سیاسی طور پر نا اہلی ہوچکی اور پارٹیاں بدلنے کی اب عمر نہیں ہے۔ میڈیا ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی نے بھی ملاقات کے لیے جہانگیر ترین کو پیغام بھیجا ، یہ رابطے سینیٹ الیکشن کے دوران بھی کیے گئے جب کہ سابق صدر آصف علی زرداری کے قریبی ساتھی اس وقت بھی جہانگیر ترین کے ساتھ رابطے میں ہیں۔

دوسری طرف پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین نے کہا ہے کہ پوری ایمانداری اور خلوص سے وزیر اعظم کا ساتھ دیا ، عمران خان کو نقصان پہنچانے کا تصور بھی نہیں کرسکتا ، جہانگیر ترین نے جہاز پر پیپلزپارٹی کے سینیٹر یوسف رضا گیلانی کے سفر کے حوالے سے اٹھنے والے شکوک و شبہات کی وضاحت کردی۔ بتایا گیا ہے کہ پی ٹی آئی رہںماء کہتے ہیں کہ پیپلزپارٹی کے رہنماء سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے سابق گورنر پنجاب مخدوم احمد محمود کا جہاز استعمال کیا ، جن کا اپنا الگ جہاز ہے ، حکومت کو میرے جہاز کے بارے میں غلط رپورٹ دی گئی ، یوسف رضا گیلانی نے مخدوم احمد محمود کا جہاز استعمال کیا تو اس میں میرا کیا قصور ہے؟ میرا دامن صاف ہے وزیر اعظم کو نقصان پہنچانے کا تصور ہی نہیں کرسکتا۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات