پہلا ٹی ٹونٹی، پاکستان نے اپنی تاریخ کا سب سے بڑا ہدف حاصل کرلیا

گرین شرٹس 4 وکٹوں سے کامیاب، رضوان کی نصف سنچری

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 10 اپریل 2021 21:09

پہلا ٹی ٹونٹی، پاکستان نے اپنی تاریخ کا سب سے بڑا ہدف حاصل کرلیا
جوہانسبرگ (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 10اپریل 2021ء ) 4 ٹی ٹونٹی میچز کی سیریز کے پہلے مقابلے میں پاکستان نے جنوبی افریقہ کو 4 وکٹوں سے ہرا دیا ۔ جنوبی افریقہ کی ٹیم کی جانب سے دئیے گئے 189 رنز کے ٹارگٹ کے ہدف کے تعاقب میں اوپنرز بابر اعظم اور محمد رضوان نے 41 رنز کا آغاز فراہم کیا ۔فخر زمان اور محمد رضوان نے 45 رنز کی شراکت قائم کی،فخر زمان اننگز کے 10ویں اوور کی آخری گیند پر 27 رنز بنا کر چلتے بنے۔

محمد حفیظ اپنے 100ویں میچ کو یادگار نہ بنا سکے اور صرف 13 رنز بنانے کے بعد تبریز شمسی کو وکٹ دے بیٹھے جبکہ نوجوان حیدر علی کی اننگز بھی 14رنز پر اختتام کو پہنچی،محمد نواز پہلی ہی گیند پر بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے ۔آدھی ٹیم کے آؤٹ ہونے کے بعد باوجود رضوان نے ہمت نہ ہاری اور نصف سنچری بنانے کے ساتھ فہیم اشرف کے ہمراہ ٹیم کو فتح کی دہلیز تک پہنچانے کا بیڑا اٹھایا۔

(جاری ہے)

دونوں کھلاڑیوں نے48 رنز کی شاندار شراکت قائم کی۔اس عمدہ شراکت کا خاتمہ اسوقت ہوا جب فہیم اشرف 14 گیندوں پر 30 رنز بنانے کے بعد لزاد ولیمز کی وکٹ بن گئے۔ پاکستانی ٹیم نے ایک گیند قبل ہدف تک رسائی حاصل کرکے 4 وکٹوں کامیابی حاصل کرلی۔ اس میچ میں فتح کے ساتھ ہی قومی ٹیم نے سیریز میں 0-1 کی برتری بھی حاصل کر لی۔ اس سے قبل جنوبی افریقہ کے اوپنرز نے پہلے تین اوورز میں اپنی ٹیم کو شاندار آغاز فراہم کیا،شاہین شاہ آفریدی کو ابتدائی دو اوورز میں 25 رنز کی مار پڑی۔

تاہم چوتھے اوور میں محمد نواز نے اوپننگ بلے باز ملان کو آؤٹ کیا۔ ملان16 گیندوں پر 24 رنز بناکر آؤٹ ہوئے ۔حسن علی نے 5ویں اوور میں ون ڈاؤن کی پوزیشن پر آنیوالے والے بلے باز لوبے کو پویلین واپس بھیجا، لوبے چار رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ اوپننگ بلے باز مارکرم 32 گیندوں پر 51 رنز بناکر آؤٹ ہوئے،انکو بھی محمد نواز نے آؤٹ کیا۔ مارکرم نے اپنی جارحانہ اننگز میں آٹھ چوکے اور ایک چھکا لگایا۔

کلاسن نےعمدہ نصف سنچری سکور کرنے کے ساتھ ساتھ پیٹ وین بلجون کے ساتھ 61 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی، وہ 28 گیندوں پر 4 چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے 50 رنز بناکر حسن کی وکٹ بنے۔ ایک موقع پر جنوبی افریقہ نے 16 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 159 رنز بنائے تھے اور لگ رہا تھا کہ وہ باآسانی 200 سے زائد رنز بنالیں گےلیکن اختتامی اوورز میں پاکستانی باؤلرز نے عمدہ باؤلنگ کرتے ہوئے جنوبی افریقی ارمان خاک میں ملا دیے۔

اننگز کے آخری اوور میں چھکے اور چوکے کی بدولت جنوبی افریقہ کی ٹیم 6 وکٹوں کے نقصان پر 188 رنز بنانے میں کامیاب ہوئی۔ اس سے قبل جوہانسبرگ میں کھیلے جا رہے سیریز کے پہلے ٹی20 میچ میں جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازوں کو آزمانے کا فیصلہ کیا ۔ آج کے میچ کی خاص بات یہ ہے کہ تجربہ کار آل راؤنڈر محمد حفیظ اپنے کیریئر کا 100واں ٹی 20 انٹرنیشنل میچ کھیل رہے ہیں۔

جنوبی افریقہ نے پاکستان کے خلاف پہلے میچ میں تین کھلاڑیوں کو ڈیبیو کرایا ہے۔ جنوبی افریقہ کو اس ٹی20 سیریز میں اہم کھلاڑیوں کی خدمات حاصل نہیں ہیں کیونکہ ان کے بہترین کھلاڑی انڈین پریمیئر لیگ میں شرکت کے لیے جا چکے ہیں جبکہ چند کھلاڑی انجریز کا شکار ہیں۔ میچ کیلئے پاکستانی ٹیم بابراعظم(کپتان)، فخر زمان، حیدر علی، محمد رضوان، محمد حفیظ، محمد نواز، فہیم اشرف، حسن علی، شاہین شاہ آفریدی، عثمان قادر اور حارث رؤف پر مشتمل ہے جب کہ جنوبی افریقی ٹیم میں ہنری کلاسن(کپتان)، جینمن ملان، ایڈن مرکرم، پیٹ وین بلجوئن، ویہان لوبے، جیارج لنڈے، ایندائل فلکوایو، سیسانڈا مگالا، بیورن ہینڈرکس، لیزاڈ ولیمز اور تبریز شمسی شامل ہیں۔