مسلم لیگ ن کے رہنما اور ممبرقومی اسمبلی کی خاتون سے جعل سازی پکڑ ی گئی

ملزمان نے بیرون ملک قیام پذیرخاتون کاجعلی اٹارنی لیٹر بنا کر ایک کنال کا پلاٹ درخواست گزارکوبیچا، ملزمان نے پلاٹ کے عو ض ایک کروڑ 10 لاکھ روپے وصول کیے، ذرائع

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری ہفتہ 10 اپریل 2021 23:55

لاہور (اُردو پوائنٹ، اخبار تازہ ترین، 10اپریل 2021) مسلم لیگ ن کے رہنما اور ممبرقومی اسمبلی کی خاتون سے جعل سازی پکڑ ی گئی۔ تفصیلات کے مطابق ن لیگ کے ایم این اے محسن شاہنواز رانجھا کا بیرون ملک مقیم پاکستانی خاتون کے ساتھ فراڈ پکڑا گیا۔ محسن شاہنواز نے بیرون ملک مقیم خاتون کا جعلی اٹارنی لیٹر بنا کر ایک کنا ل کا پلاٹ کروڑوں روپے میں بیچ دیا۔

پولیس نے لیگی رہنما سمیت 5 افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔ محسن شاہنواز رانجھا سمیت 5 افراد کے خلاف مقدمہ تھانہ اسلام پورہ میں درج کیا گیا ہے جس میں فراڈ اور کاغذات میں ٹیمپرنگ کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔ مقدمے میں چوہدری محمد علی، بشیر خان ،محمد ارشد، نبیل خان اور شاہد محمود نامزد ہیں۔بتایاگیا ہے کہ ملزمان نے بیرون ملک قیام پذیرخاتون کاجعلی اٹارنی لیٹر بنا کر ایک کنال کا پلاٹ درخواست گزارکوبیچا، ملزمان نے پلاٹ کے عو ض ایک کروڑ 10 لاکھ روپے وصول کیے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب محسن شاہ نواز رانجھا کا کہنا ہے کہ میرے خلاف جھوٹا اوربےبنیاد مقدمہ درج کرایا گیا ہے، میرا متعلقہ جائیداد سے کوئی تعلق نہیں۔ان کا کہنا ہے کہ متعلقہ تھانے کے کسی اہلکار نے مجھ سے رابطہ نہیں کیا،میڈیا کے ذریعے اس مقدمے کا پتہ چلا،جھوٹے مقدمے کے خلاف اپنا آئینی حق استعمال کروں گا۔مدعی مقدمہ کے مطابق ایم این اے محسن شاہنواز رانجھا کادعوٰی ہے کہ وہ پلاٹ کا حصہ دار ہے۔

واضح رہے کہ ڈپٹی کمشنر سرگودھا کے ریفرنس پر اینٹی کرپشن پنجاب نے گزشتہ برس مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما اور سابق وفاقی وزیر محسن شاہنواز رانجھا، ان کے بھائی حسن شاہ نواز رانجھا اور انکے والد شاہنواز رانجھا کے خلاف تحقیقات شروع کی تھیں- ڈپٹی کمشنر نے اپنے ریفرنس میں شاہ نواز رانجھا سابق ایم پی اے اور پٹواری امین کے خلاف پرچہ دینے کی استدعا کی ہے۔ ریفرنس میں کہا گیا ہے کہ ملزمان نے جعلسازی سے پراپرٹی کی انتقالات فیس کی مد میں سرکاری خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچایا۔