بھارتی فوجیوں نے مقبوضہ کشمیر میں مسجد کی بے حرمتی کر ڈالی

مسجد میں بھاری ہتھیاروں کا استعمال کرنے کے ساتھ ساتھ گرینیڈ پھینکے گئے

Sajjad Qadir سجاد قادر اتوار 11 اپریل 2021 04:39

بھارتی فوجیوں نے مقبوضہ کشمیر میں مسجد کی بے حرمتی کر ڈالی
اسلام آباد (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 11اپریل 2021ء ) بھارت نے کئی دہائیوں سے مقبوضہ کشمیر پر ناجائز اور غاصبانہ قبضہ کیا ہوا ہے مگر گزشتہ برس پانچ اگست کو جس قسم کا اقدام اٹھایا گیااس کے بعد سے دنیا بھر میں بھارت کے خلاف آوازیں اٹھتی سنائی دیتی ہیں۔بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں ظلم و بربریت کے پہاڑ توڑ رکھے ہیں اور خواتین کی عصمت دری کے ساتھ ساتھ مذہبی عبادت خانوں کی توہین بھی کی جا رہی ہے۔

گزشتہ دنوں تلاشی کے نام پر مقبوضہ کشمیر میں واقع ایک مسجد کی بے ادبی کی گئی جس پر دنیا بھر سے سخت ردعمل آیااور پاکستان نے بھی بھارت کو خوب کھری کھری سنا ڈالی ہیں۔پاکستان نے مقبوضہ کشمیر کے علاقے شوپیاں میں بھارت کی جانب سے مسجد کی بے حرمتی کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

(جاری ہے)

مسجد میں بھارتی ہتھیاروں کا استعمال اور گرینیڈ پھینکے گئے تھے۔

ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چودھری کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق غیرقانونی طورپر بھارت کے زیرقبضہ جموں وکشمیر کے شوپیاں کے علاقے میں مسجد کی بے حرمتی کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ مسجد میں بھاری ہتھیاروں سے فائرنگ اور گرنیڈ پھینکنے کی پاکستان شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہے۔ 9 اپریل کو واقعہ نام نہاد تلاشی اور چھاپوں کی کارروائی کی آڑ میں کیاگیا۔

بہیمانہ واقعہ کشمیریوں اور مقبوضہ خطے میں بھارت کی کھلی ریاستی دہشت گردی کا ایک اورواضح ثبوت ہے۔انہوں نے کہا کہ قابض بھارتی افواج کا غیرانسانی طرز عمل ان کے اخلاقی دیوالیہ پن کا عکاس ہے، مقبوضہ خطے کے عوام کی مذہبی و ثقافتی شناختی کو نشانہ بنانا عالمی قانون اور بنیادی انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ تاریخ گواہ ہے کہ طاقت کے بہیمانہ استعمال اورمذہبی مقامات کو نشانہ بناکر بھارت کشمیریوں کے عزم کو کمزور نہیں کرسکا۔ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کی حکومت اور عوام سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کے حق استصواب رائے کے منصفانہ حق کی حمایت جاری رکھیں گے۔