Live Updates

ڈسکہ الیکشن میں نون لیگ نہیں جیتی، تحریک انصاف خود ہاری ہے، فواد چودھری

پی ٹی آئی کو اپنی صفیں درست کرنا ہوں گی، الیکشن ہارنے کی وجوہات ہیں، قیادت کی پارٹی کے اندرتوجہ دلاتا رہا ہوں۔ وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کا ٹویٹ

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ اتوار 11 اپریل 2021 11:05

ڈسکہ الیکشن میں نون لیگ نہیں جیتی، تحریک انصاف خود ہاری ہے، فواد چودھری
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 11 اپریل2021ء) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنماء اور وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چودھری نے کہا ہے کہ کل ڈسکہ میں نون لیگ نہیں جیتی، تحریک انصاف ہاری ہے، پی ٹی آئی کو اپنی صفیں درست کرنا ہوں گی، الیکشن ہارنے کی وجوہات ہیں، قیادت کی پارٹی کے اندرتوجہ دلاتا رہا ہوں۔ انہوں نے ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ نواز شریف کا کوئی نظریہ نہیں ہے نہ ہی نون لیگ کوئ نظریاتی جماعت ہے ایک طویل عرصہ اقتدار میں رہنے کی وجہ سے مفاداتی ٹولہ بن جاتا ہے ان حواریوں کو نظریاتی نہیں کہا جا سکتا، ڈسکہ میں نون لیگ نہیں جیتی پی ٹی آئی ہاری ہے اور اس کی وجوہات ہیں جن کی طرف میں پارٹی کے اندرتوجہ دلاتا ہی رہا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں جمہوریت کی امید عمران خان ہیں، ان کے مقابلے میں کوئی سیاسی قد کاٹھ کا لیڈر نہیں ہے، بلاول اور مریم کو پاکستان کا لیڈر تسلیم کرنا جمہوریت کے منہ پر تھپڑ رسید کرنا ہوگا، پی ٹی آئی کو اپنی صفیں درست کرنا ہوں گی اس ملک کا مستقبل تحریک انصاف اورعمران خان کی کامیابی سے وابستہ ہے۔

(جاری ہے)

واضح رہے مسلم لیگ ن نے این اے 75 ڈسکہ ضمنی الیکشن جیت لیا ہے۔

360 پولنگ اسٹیشنز کے غیر سرکاری غیر حتمی نتائج سامنے آگئے ہیں۔ جس کے مطابق ن لیگ کی امیدوار نوشین افتخار نے 1 لاکھ 11 ہزار 220 ووٹ حاصل کیے، جبکہ تحریک انصاف کے علی اسجد ملہی 92 ہزار ووٹ حاصل کر سکے۔ یوں ن لیگ نے 19 ہزار ووٹوں کی برتری سے حکمراں جماعت تحریک انصاف کو شکست دے دی۔ضمنی انتخاب کے معرکے میں پاکستان تحریک انصاف کے علی اسجد ملہی اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نوشین افتخار کے درمیان مقابلے میں عوام نے ووٹ کاسٹ کیے۔ قومی اسمبلی کے حلقہ 75 ڈسکہ کے ضمنی انتخاب میں تحریک انصاف کے امیدوار علی اسجد ملہی نے اپنا ووٹ کاسٹ ہی نہیں کیا، اسجد ملہی 2 بار اپنے آبائی حلقے میں آئے لیکن ووٹ کاسٹ نہیں کیا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات