یونان ہمارے خلاف دہشت گرد عناصر کو سپورٹ کر رہا ہے، ترکی کا الزام

یونان کے پناہ گزین کیمپوں میں جنگجوموجود ، ترکی کے خلاف دہشت گردی کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں،بیان

اتوار 11 اپریل 2021 12:10

یونان ہمارے خلاف دہشت گرد عناصر کو سپورٹ کر رہا ہے، ترکی کا الزام
انقرہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 اپریل2021ء) ترکی کے ایوان صدارت میں محکمہ رابطہ کے سربراہ فخر الدین الطون نے کہاہے کہ یونان دہشت گرد تنظیموں جن میں کردستان ورکرز پارٹی( پی کے کے )شامل ہے انہیں ٹھکانا اور معاونت فراہم کر رہا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق اپنی ٹویٹ میں الطون نے واضح کیا کہ ایسے دہشت گرد ہیں جو یونان میں پناہ گزینوں کے نام پر موجود کیمپ میں روپوش ہیں۔

یہ لوگ ترکی کے خلاف خود کش کارروائیوں اور دہشت گردی کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔ وہ بھی ایسے وقت میں جب کہ یونان نے حقیقی پناہ گزینوں کو بحر ایجہ میں مرنے کے لیے چھوڑا ہوا ہے۔الطون کے مطابق اب وقت آ گیا ہے کہ یونان کا تحفظ اور مامونیت ختم کی جائے۔ترک عہدے دار نے اپنی پوسٹ کے ساتھ ایک وڈیو بھی منسلک کی ۔

(جاری ہے)

وڈیو کا دورانیہ 3 منٹ ہے۔ اس میں دہشت گرد تنظیموں کے خلاف ترکی کی کوششوں کو واضح کیا گیا ہے۔

وڈیو کلپ میں اس امر پر بھی روشنی ڈالی گئی کہ بعض ممالک ان دہشت گرد جماعتوں کی مدد کر رہے ہیں۔ دوسری جانب ترکی ان جماعتوں کا ڈٹ کر مقابلہ کر رہا ہے۔وڈیو میںترکی کی جانب سے نیٹو اتحاد کے رکن ممالک سے کی گئی اپیل کا بھی حوالہ دیا گیا۔ اپیل میں پڑوسی ملک یونان سمیت رکن ممالک پر زور دیا گیا کہ وہ دہشت گرد تنظیموں کے خلاف ترکی کی جانب سے جاری تمام کوششوں کو سپورٹ کریں۔

متعلقہ عنوان :