کورونا وائرس کی چوتھی لہر،ایران کے 31میں سے 23صوبوں میں لاک ڈائون

ْ لاک ڈائون والے 23صوبوں میں رمضان المبارک کے دوران اجتماعات پر پابندی عاید ہوگی،وزارت صحت

اتوار 11 اپریل 2021 12:10

کورونا وائرس کی چوتھی لہر،ایران کے 31میں سے 23صوبوں میں لاک ڈائون
تہران (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 اپریل2021ء) ایرانی حکومت نے کووِڈ19کے بڑھتے ہوئے کیسوں کے پیش نظر ملک کے بیشتر علاقوں میںدس روز کے لیے لاک ڈائون نافذ کردیا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ایران کی وزارت صحت کے ترجمان علی رضا رئیسی نے بتایا کہ ملک کے 31 میں سے 23 صوبوں میں لاک ڈائون کا نفاذ کیا گیا ہے۔ان صوبوں میں کاروبار، اسکول، تھیٹر اور کھیلوں کے میدان اور مراکز بند رہیں گے اور رمضان المبارک کے دوران میں اجتماعات پر پابندی عاید ہوگی۔

وزارت صحت کے ترجمان علی رضا رئیسی کے بہ قول کرونا وائرس کی برطانوی شکل اس وقت ملک کے طول وعرض میں پھیل چکی ہے اور اس سے متاثرہ 257 شہروں اور قصبوں میں اس وقت ریڈالرٹ ہے۔دریں اثنا ایرانی صدر حسن روحانی نے ایک نشری تقریر میں کہا کہ بدقسمتی سے ہم چوتھی لہر میں داخل ہوگئے ہیں۔

(جاری ہے)

انھوں نے پڑوسی ملک عراق کو ایران میں کروناوائرس کی نئی شکل پھیلنے کا ذمے دار ٹھہرایا ۔عراق میں کرونا کی برطانوی شکل کے سب سے پہلے کیس سامنے آئے تھے۔انھوں نے کہا کہ لوگوں کی بڑی تعداد کا آزادانہ سفر کرنا، شادی کی تقریبات میں شرکت اور ایران کے نئے سال نوروز کو دھوم دھام سے منانے سے بھی کرونا وائرس ایک مرتبہ پھر تیزی سے پھیلا ہے اور اس کے یومیہ کیسوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔