بھارت جنوبی ایشیا کے امن کو خطرے میں ڈال رہا ہے‘ صمد انقلابی

جموں کشمیر کے لوگوں کی جان و مال اور عزت آبرو کو پامال کیا جارہا ہے اور کشمیری نوجوانوں کو جعلی مقابلوں میں شہید کیا جارہا ہے

اتوار 11 اپریل 2021 13:10

․سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 اپریل2021ء) غیر قانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میںاسلامی تنظیم آزادی کے چیئرمین عبدالصمد انقلابی نے کہا ہے کہ بھارت اور پاکستان کے درمیان کشیدگی کی بنیادی وجہ تنازعہ کشمیر ہے اور بھارت اس تنازعے کو حل نہ کرکے جنوبی ایشیا کے امن کو خطرے میں ڈال رہا ہے۔کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق عبدالصمد انقلابی نے سرینگرمیں جاری ایک بیان میں کہا کہ ہم پاکستانی حکومت کے مشکور ہیں جس نے تنازعہ کشمیر کے حل تک بھارت کے ساتھ تجارت کو مؤخر کردیاہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے 5 اگست 2019ء کے بھارتی اقدامات کی مذمت کرتے ہوئے کہاکہ ان اقدمات سے جموں وکشمیر کی متنازعہ حیثیت کو تبدیل کرنے کی کوشش کی گئی ۔ انہوں نے کہاکہ جموں کشمیر کے لوگوں کی جان و مال اور عزت آبرو کو پامال کیا جارہا ہے اور کشمیری نوجوانوں کو جعلی مقابلوں میں شہید کیا جارہا ہے۔ صمد انقلابی نے بھارت اور پاکستان سے اپیل کی کہ وہ تنازعہ کشمیر کو حل کرنے کیلئے بامعنی مذاکرات شروع کریں اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق اس مسئلے کا حل تلاش کریں۔ انہوں نے پلوامہ جیل میں نظربند کشمیریوں پر تشدد کی مذمت کرتے ہوئے اسے انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی قراردیا۔