Live Updates

چیلنجز سے نمنٹنے کے لیے آئین و قانون کی بالادستی کو یقینی بنانا ہوگا‘ جاوید قصوری

وزیر اعظم نظام کی تبدیلی کے حوالے سے اپنی ناکامی اور نا اہلی کا اعتراف کررہے ہیں ‘ امیر جماعت اسلامی وسطی پنجاب

اتوار 11 اپریل 2021 14:45

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 اپریل2021ء) امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ چیلنجز سے نمنٹنے کے لیے ملک میں آئین و قانون کی بالادستی کو یقینی بنانا ہوگا۔ جب تک امیر اور غریب کے لیے ایک قانون نہیں ہوگا، اس قت تک تبدیلی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا۔ ملکی نظام کو بدلنے کا خوشنما نعرہ لگانے والے حکومت میں آکر اپنی ناکامی اور نا اہلی کا اعتراف کررہے ہیں ۔

ہر وعدے پر یوٹرن لینا وزیر اعظم عمران خان نے اپنا وطیرہ بنالیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم ذاتی مفادات کی خاطر بنایا جانے والا اتحاد تھا جو آج ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے۔ ملک میں حقیقی اپوزیشن کا کردار صرف اور صرف جماعت اسلامی سر انجام دے رہی ہے۔

(جاری ہے)

عوامی مسائل میں کمی کی بجائے اضافہ ہوتا چلا جارہا ہے۔

عوام وزیر اعظم سے سوال کرتے ہیں کہ کہاں ہے وہ تبدیلی جس کا وعدہ کیا گیا تھا ۔ ایک کروڑ نوکریاں اور پچاس لاکھ گھروں کا کیا بنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی تاریخ میں سب سے زیادہ تحریک انصاف کی حکومت نے قوم کو مایوس کیا ہے۔ رمضان المبارک سے قبل مہنگائی آسمان سے باتیں کرنے لگی ہے۔ بنیادی اشیاء خوردونوش عوام کی قوت خرید سے باہر ہوچکی ہے۔

مہنگائی کے ستائے عوام پر حکومت کبھی پٹرول بم گراتی ہے تو کبھی گیس کے نرخوں میں ہو شر با اضافہ کردیاجاتا ہے۔ گھروں کے چولہے ٹھنڈے اور فاقہ کشی عوام کو خود کشی کی حد تک لے آئی ہے۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ چینی، آٹا ، پٹرول اور دیگر اسکینڈلز میں ملوث افراد خواہ ان کا تعلق کسی بھی جماعت سے کیوں نہ ہو اور وہ کسی بھی عہدے پر فائز ہوں ، کے خلاف سخت ترین ایکشن لینا چاہیے۔ حکومت میں شامل نیب کو مطلوب فرد کا پاور شو،سسٹم کی کمزوری کی عکاسی کرتا ہے۔چینی اسیکنڈلزحکومت کے لئے ٹیسٹ کیس بن چکا ہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات