وزیراعظم نے ”کوئی بھوکا نہ سوئے“ پروگرام کا افتتاح کردیا

موبائل کچن کے ذریعے لوگوں کو گھروں میں کھانا پہنچایا جائے گا، جب لوگوں کو گھروں میں دووقت کی روٹی ملے گی تو اللہ کی برکت آئے گی، کوئی بھوکا نہیں سوئے گا۔ وزیراعظم عمران خان کا تقریب سے خطاب

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ اتوار 11 اپریل 2021 14:57

وزیراعظم نے ”کوئی بھوکا نہ سوئے“ پروگرام کا افتتاح کردیا
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔11 اپریل2021ء) وزیراعظم عمران خان نے ”کوئی بھوکا نہ سوئے “پروگرام کا افتتاح کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موبائل کچن کے ذریعے لوگوں کو گھروں میں کھانا پہنچایا جائے گا، جب لوگوں کو گھروں میں دووقت کی روٹی ملے گی تو اللہ کی برکت آئے گی، کوئی بھوکا نہیں سوئے گا۔ وزیراعظم عمران خان نے کوئی بھوکا نہ سوئے پروگرام کی ورچوئل افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایمان والے لوگ جانتے ہیں کہ پیارے رسول ﷺ نے سیدھا راستہ دکھایا، آپ ﷺ نے ریاست مدینہ کا جو راستہ دکھایا، دنیا کی تاریخ میں وہ واحد مہذب معاشرہ بنا، پاکستان کلمے کی نام پر بنا، لیکن ہم اس راستے پر کیوں نہیں چلے، ہمارے ملک پر قرض ہے، عوام پر خرچ کرنے کیلئے کم پیسے ہیں، اس کے باوجود ہم پر ذمہ داری ہے ہم عوامی فلاح کی ذمہ داری لیں۔

(جاری ہے)

عثمان بزدار اور محمود خان کو مبارکباد دیتا ہوں ، جب ریاست خود گھروں میں کھانا پہنچانے کی ذمہ داری لے گی، لوگوں کو گھروں میں دووقت کی روٹی ملے گی تو اس سے اللہ کی برکت آئے گی۔موبائل کچن کے ذریعے لوگوں کو گھروں میں کھانا پہنچایا جائے گا۔میں سلانی ٹرسٹ کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ ہمارے ملک میں خیرات دینے والے اثاثہ ہیں، دنیا کے چند خیرات دینے والے ممالک میں پاکستان واحد ملک ہے، شوکت خانم کینسر ہسپتال میں مفت علاج ہوتا ہے، ان کو کھانا بھی دیا جاتا ہے، رہائش بھی دیں گے، مجھے کہا گیا ایسا ممکن نہیں، پہلا سی ای او چھوڑ کر چلا گیا، اللہ کا شکر ہے پہلا ہسپتال بنا، دوسرا بنا، اب تیسرا کراچی میں بننے جارہا ہے۔

لاہور ہسپتال 25 سال پہلے بنا، خیرات دینے والے لوگوں نے ہی ہسپتال بنایا اور چلایا۔ انہوں نے کہا کہ اب لوگوں کو کھانا دیں گے اور پلان بنائیں گے کہ کوئی بھوکا نہ سوئے۔ اس پروگرام کا ملک بھر میں جال بچھائیں گے۔ مزدوروں کیلئے پناہ گاہ بن گئی ہیں،وہاں رہتے ہیں، نہاتے ہیں، اگر مزدوری نہ ملے تو وہاں آکر کھانا کھا سکتے ہیں۔