قومی ٹیم نے ایسا اعزاز حاصل کرلیا جو گزشتہ 7 سال سے کسی اور ٹیسٹ پلیئنگ ٹیم کے پاس نہیں

پاکستان ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے والے 12 ممالک میں اب واحد ٹیم ہے جس نے پچھلے7سال میں ٹی ٹونٹی میں مخالف ٹیم کو 200 رنز سکور نہیں کرنے دیئے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب اتوار 11 اپریل 2021 15:11

قومی ٹیم نے ایسا اعزاز حاصل کرلیا جو گزشتہ 7 سال سے کسی اور ٹیسٹ پلیئنگ ..
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 11اپریل 2021ء )  قومی ٹیم نے جنوبی افریقہ کے خلاف پہلے ٹی ٹونٹی میں کامیابی حاصل کرنے کے ساتھ ایک ایسا اعزاز بھی اپنے نام کرلیا ہے جو گزشتہ 7 سال سے کسی اور ٹیسٹ پلیئنگ کرکٹ ٹیم کے پاس نہیں ہے ۔ پاکستان ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے والے 12 ممالک میں سے اب وہ واحد ٹیم ہے جس نے پچھلے سات سالوں میں ٹی ٹونٹی میں اپنی مخالف ٹیم کو 200 رنز سکور نہیں کرنے دیئے ہیں ۔

قومی ٹیم کے بائولرز ہمیشہ عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے آئے ہیں۔ پہلے ٹی ٹونٹی میں بھی ایک موقع پر ایسا لگ رہا تھا کہ جنوبی افریقی ٹیم 200 رنز سے زیادہ سکور کرلے گی تاہم پاکستانی بائولرز نے آخری 5 اوورز میں صرف 37 رنز دیئے اور یوں جنوبی افریقی ٹیم وانڈررز ،جوہانسبرگ کے سٹیڈیم کے لحاظ سے اوسطا ہدف ہی دے سکی ۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ 13 دسمبر 2013ء کو سری لنکا نے پاکستان کے خلاف دبئی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں مقررہ 20 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 211 رنز سکور کیے تھے جو کسی بھی ٹیم کا پاکستان کے خلاف سب سے بڑا ٹی ٹونٹی مجموعہ ہے ، اس کے بعد پاکستانی بائولرز نے کسی بھی ٹیم کو اپنے خلاف 200 رنز کے ہندسے تک پہنچنے نہیں دیا ہے ۔