بھارت، یومیہ کورونا کیسز ڈیڑھ لاکھ تک پہنچ گئے

DW ڈی ڈبلیو اتوار 11 اپریل 2021 17:00

بھارت، یومیہ کورونا کیسز ڈیڑھ لاکھ تک پہنچ گئے

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ DW اردو۔ 11 اپریل 2021ء) بھارتی وزارت صحت کے مطابق ملک میں 85 دنوں کے اندر دس کروڑ سے زائد ویکیسن کے ٹیکے لگائے جا چکے ہیں۔ امریکا نے اس تعداد میں ویکسین مہیا کرنے میں 89 دن لگائے جبکہ چین نے 102 روز میں یہ ہدف حاصل کیا۔

بھارت میں جمعے کو نئے کورونا مریضوں کی تعداد ایک لاکھ پینتالیس ہزار سے زائد ریکارڈ کی گئی تھی۔

تاہم اتوار کو یہ مزید بڑھ کر ڈیرھ لاکھ سے بھی زائد ہو گئی جبکہ مزید 839 اموات ریکارڈ کی گئیں۔

بھارت اس وقت دنیا میں کیسز کے اعتبار سے امریکا اور برازیل کے بعد تیسرے نمبر پر ہے۔ ماہرین کو خدشہ ہے کہ پچھلے ایک ہفتے کے دوران جس رفتار سے انفیکشن پھیلا ہے، بھارت برازیل کو پیچھے چھوڑ کر دوسرے نمبر پر آ جائے گا۔

(جاری ہے)

بھارت میں پچھلے ہفتے کم از کم پانچ ریاستوں سے ویکسین کی قلت اور بدانتظامی کی شکایات سامنے آئیں۔

تاہم حکام نے ان اطلاعات کو بے بنیاد قرار دے کر رد کیا اور کہا کہ ملک میں چار کروڑ ٹیکے اسٹاک میں پڑے ہیں۔

کیسز کی بڑھتی ہوئی تعداد کے مدنظر دارالحکومت دہلی اور ممبئی جیسے بڑے شہروں میں رات کا کرفیو نافذ کر دیا گیا ہے جبکہ اسکول بند اور ہوٹلوں اور سینما گھروں میں لوگوں کے آنے پر پابندیاں لگائی گئی ہیں۔

ساتھ ہی حکومت نے چودہ اپریل تک زیادہ سے زیادہ لوگوں کو ویکیسن کے ٹیکے لگانے کی مہم شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔

بھارت نے پہلے مرحلے میں طبی عملے اور 60 برس سے اوپر کے شہریوں کو ویکسین دی اور اب 45 برس سے اوپر کے شہریوں کو بھی مفت ویکسین دستیاب ہو گی۔

ماہرین کے مطابق کیسز میں زبردست اضافے کی بڑی وجہ یہ ہے کہ لوگ سماجی فاصلے کی ہدایات کو سنجیدگی سے نہیں لے رہے۔ حالیہ ہفتوں میں ملک میں مذہبی و سیاسی اجتماعات میں معمول کا رش دیکھا گیا۔

ش ج، ا ا (ڈی پی اے)