پیپلزپارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کااہم ترین اجلاس کا پہلا سیشن کسی حتمی نتیجے پرپہنچے بغیرختم

سی ای سی کودوسرا سیشن (آج )بھی جاری رہے گا جس کے بعد سی ای سی میں ہونے والے اہم فیصلوں کا باضابطہ اعلان کیا جائے گا پی ڈی ایم میں شامل رہنے کیلئے پیپلزپارٹی (آ)ج اپنی شرائط طے کرنے اورپی ڈی ایم قیادت کوایک موقع دینے سے متعلق فیصلہ کرے گی

اتوار 11 اپریل 2021 22:15

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 اپریل2021ء) پاکستان پیپلزپارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اہم ترین اجلاس کا پہلا سیشن کسی حتمی نتیجے پرپہنچے بغیر اتوارکی شب نوبجے اختتام پذیرہوگیا،اجلاس میں طے پایا ہے کہ سی ای سی کودوسرا سیشن (آج)پیر 12اپریل کو بھی جاری رہے گا جس کے بعد سی ای سی میں ہونے والے اہم فیصلوں کا باضابطہ اعلان کیا جائے گا،پی ڈی ایم میں شامل رہنے کے لیے پیپلزپارٹی (آج )پیراپنی شرائط طے کرنے اورپی ڈی ایم قیادت کوایک موقع دینے سے متعلق فیصلہ کرے گی ۔

اتوارکوپی پی پی پارلیمنٹرینز کے صدر آصف علی زرداری اور چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری کی سربراہی میں سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے ہائبرڈ اجلاس میں 50 سے زائد اراکین نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

معتمد ترین ذرائع نے بتایا سی ای سی اجلاس میں شاہد خاقان عباسی کا نوٹس پھاڑے جانے کی خبرلیک ہونے کے بعد پی ڈی ایم میں شامل بعض اہم شخصیات نے پیپلزپارٹی کی قیادت سے رابطہ کیا جس کے بعد پیپلزپارٹی کی طرف سے پی ڈی ایم سے متعلق فیصلے پرنظرثانی کی یقین دہانی کرائی گئی،قبل ازیں سی ای سی اجلاس کے شرکاء نے پیپلزپارٹی کی قیادت کوتجویز پیش کی کہ انہیں فوری طورپرپی ڈی ایم سے الگ نہیں ہونا چاہیے،پی ڈی ایم کی بانی جماعت پیپلزپارٹی ہے اوردوجماعتوں نے اسے ہائی جیک کرنے کی کوشش کی ہے جس کا مقابلہ کیا جانا چاہیے۔

دوسری جانب پی ڈی ایم میں شامل بلوچستان سے تعلق رکھنے والی ایک سیاسی شخصیت نے بھی پیپلزپارٹی کی قیادت کوپی ڈی ایم میں شامل رہنے کا مشورہ دیا اورتجویز پیش کی کہ اپوزیشن جماعتوں کوایک پلیٹ فارم پرمتحد رکھا جائے۔علاوہ ازیں پی ڈی ایم سے علیحدگی اوراس میں شامل رہنے کے معاملے پرپیپلزپارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی میں مشاورت کا دائرہ مزید وسیع کرنے پراتفاق کے پیش نظرسی ای سی اجلاس کا دوسرا شیشن پیرکے روز رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پیر کے روز سی ای سی کے دوسرے سیشن میں پیپلزپارٹی پی ڈی ایم کا حصہ رہنے کے لیے اپنی شرائط طے کرے گی جوپی ڈی ایم قیادت کوپیش کی جائیں گی، پہلے روز کے اجلاس میں اس بات پراتفاق کیا گیا ہے کہ پیپلزپارٹی مشروط طورپرہی پی ڈی ایم میں شامل رہ سکتی ہے اگرپی ڈی ایم کی قیادت کی طرف سے پیپلزپارٹی سے متعلق رویے پرنظرثانی نہ کی گئی تواس کے بعد پیپلزپارٹی اپنے فیصلے کا اعلان کرے گی ۔

بلاول ہاس میں ہونے والے سی ای سی اجلاس میں پیپلزپارٹی پارلیمنٹرینز کے صدر آصف علی زرداری بذریعہ وڈیو لنک شریک ہوئے، سی ای سی اجلاس میں یوسف رضا گیلانی، راجہ پرویز اشرف، شیری رحمان، فرحت اللہ بابر،نیر بخاری، اعتزاز احسن، سید قائم علی شاہ، نواب یوسف تالپور، سید مراد علی شاہ ،مخدوم احمد محمود، قمرزمان کائرہ، ہمایون خان، علی مدد جتک، چوہدری لطیف اکبر اور امجد ایڈووکیٹ ،شازیہ مری، فیصل کریم کنڈی، ہری رام کشوری لعل، اسلام الدین شیخ اور جام مہتاب ڈہر،عبدالطیف انصاری، رحمان ملک، علی مدد جتک، عامر فدا پراچہ اور چوہدری منظور،منظور وسان، مولابخش چانڈیو، رضا ربانی، اعجاز جاکھرانی اور میرباز کھیتران ،صادق عمرانی، محمد موسی، نفیسہ شاہ اور ناصر شاہ ،رحیم داد خان، رخسانہ زبیری، سعید غنی، لطیف کھوسہ، نوید قمر، تاج حیدر اور وقار مہدی شریک ہوئے جبکہ اجلاس میں ویڈیو لنک سے انور سیف اللہ خان، اعظم خان افریدی، چوہدری محمد یاسین ،ڈاکٹر اکبر خواجہ، فوزیہ حبیب، رخسانہ بنگش، سلیم مانڈوی والا اور اخوندزادہ چٹان نے شرکت کی ۔

اجلاس کا دوسرا سیشن آج پیرکو صبح 10 بجے دوبارہ ہوگا جبکہ پیپلزپارٹی کی قیادت اس دوران بعض رہنماں سے انفرادی ملاقاتوں میں اہم مشاورت کرے گی۔