بینک اکاونٹ ہولڈرز سے کروڑوں روپے فراڈ کا معاملہ، احتساب عدالت کوئٹہ نے فیصلہ سنا دیا

کروڑوں روپے غبن میں ملوث ایچ بی ایل کے تین کیشیرز کو مجموعی طور پر 18 سال قید اور 18 کروڑ روپے جرمانہ کی سزاسنا دی گئی

پیر 12 اپریل 2021 15:59

بینک اکاونٹ ہولڈرز سے کروڑوں روپے فراڈ کا معاملہ، احتساب عدالت کوئٹہ ..
کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اپریل2021ء) احتساب عدالت کوئٹہ نے 57 بینک صارفین سے فراڈ اور کروڑوں روپے غبن کا جرم ثابت ہونے پر حبیب بینک لمیٹڈ (ایچ بی ایل) کوئٹہ کے تین کیشیرز کو مجموعی طور پر 18سال قید اور 18کروڑ روپے جرمانہ کی سزا سنا دی ہے۔ احتساب عدالت کوئٹہ کے جج اللہ داد روشان نے کیس کا فیصلہ سنایا۔ نیب کی جانب سے پراسیکیوٹر راشدزیب گولڑہ نے کیس کی پیروی کی۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق نیب بلوچستان کی ایچ بی ایل فراڈ کیس کی تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ بینک کے کیشیرز الطاف حسین، نظام الدین اور یار محمد نے ملی بھگت سے 57 بینک اکاونٹ ہولڈرز کی کیش اور چیکس کی مد میں جمع کرائی گئی رقم خردبرد کرتے ہوئے مختلف اکاونٹس میں ٹرانسفر کی۔ نیب نے بینک کی جانب سے ریفرنس کئے گئے کیس میں ملزمان کے خلاف ٹھوس شواہد جمع کرکے احتساب عدالت کوئٹہ میں ریفرنس دائر کیا۔ احتساب عدالت کوئٹہ ٹو کے جج اللہ دا د روشان نے نیب ٹیم کی تحقیقات اور ناقابل تردید ثبوتوں کی روشنی میں فیصلہ سناتے ہوئے تینوں ملزمان کو مجموعی طور پر 18سال قید اور 18 کروڑ روپے جرمانہ کی سزا سنا دی۔