پی ٹی اے کی ٹوئٹر کو اعلیٰ عدلیہ کے خلاف ہتک آمیز مواد ہٹانے کی ہدایت

پیر 12 اپریل 2021 16:21

پی ٹی اے کی ٹوئٹر کو اعلیٰ عدلیہ کے خلاف ہتک آمیز مواد ہٹانے کی ہدایت
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اپریل2021ء) پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی ای) نے مائیکرو بلاگنگ پلیٹ فارم ٹوئٹر کی انتظامیہ سے اعلیٰ عدلیہ کیخلاف توہین آمیز ٹوئٹس اور رجحانات (ٹرینڈز) کو فوری طور پر بلاک یا ہٹانے کیلئے کہا ہے۔

(جاری ہے)

ٹوئٹر کو خصوصی طور پر بتایا گیا کہ اس طرح کے مواد یا رجحانات (ٹرینڈز) کی موجودگی آزادی اظہار کی تعریف کے زمرے میں نہیں آتی لہٰذا اسے فوری طور پر ہٹایا جانا چاہئے، اور تو ہین عدالت سے متعلق مواد اتھارٹی کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔

پلیٹ فارم کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ قانونی کارروائی سے بچنے کے لئے غیر قانونی اور نقصان دہ آن لائن مواد کو ہٹانے کے لئے پی ٹی اے کی درخواستوں پر مؤثر اور فوری طور پر کارروائی کرے۔پی ٹی اے ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کو معاونت و سہولت فراہم کرنے کے لئے پرعزم ہے بشرطیکہ وہ ملکی قوانین پر عمل پیرا رہیں۔