ملک کے نامور نعت گو، محقق، نقاد اور مدیر ماہنامہ نعت راجہ رشید محمود صاحب آج صبح لاہور میں حرکت قلب بند ہونے پر انتقال کر گئے

صبح طبیعت اچانک خراب ہونے پر مقامی ہسپتال میں لیجایا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہو سکے

Umer Jamshaid عمر جمشید پیر 12 اپریل 2021 17:23

ملک کے نامور نعت گو، محقق، نقاد اور مدیر ماہنامہ نعت راجہ رشید محمود ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 12 اپریل 2021ء) ملک کے نامور نعت گو، محقق، نقاد اور مدیر ماہنامہ نعت راجہ رشید محمود صاحب آج صبح لاہور میں حرکت قلب بند ہونے پر انتقال کر گئے۔ صبح طبیعت اچانک خراب ہونے پر مقامی ہسپتال میں لیجایا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہو سکے۔ بعد از وفات تدفین کے لئے انہوں نے مدینہ منورہ میں اٹھارہ سال قبل سعودی حکومت سے تحریری اجازت نامہ لے رکھا تھا اس کے لئے کوششیں جاری ہیں بصورت دیگر لاہور میں رات کو نماز جنازہ ادا کی جائے گی۔

نعت کی دنیا میں پچاس سے زائد نعتیہ مجموعوں کی تخلیق ان کا منفرد اعزاز ہے۔ نعتیہ تحقیق کے ضمن میں ماہنامہ نعت نے بھی مسلسل اشاعت کے ریکارڈ قائم گئے۔ ماہنامہ نعت نعتیہ ادب میں حوالے کے طور پر جانا جاتا ہے۔ نعت کے موضوع پر باقاعدہ شائع ہونے والے رسالوں میں اولیت اور معیار کے طور پر جانا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

ان کی متعدد نعتیہ کتب اور تحقیقی مضامین پر انہیں صدارتی انعام سے بھی نوازا گیا۔

پی ٹی وی کے نعتیہ مشاعروں مذہبی پروگراموں میں بطور سکالرز بھی شریک ہوتے رہے۔اب تک ان کے 62 نعتیہ اور 6 حمدیہ مجموعے شائع ہو چکے ہیں جبکہ 10 مزید زیر ترتیب ہیں۔ جامعات میں ان کی خدمات اور تحقیقی کام پر مقالے بھی لکھے جا چکے ہیں۔ان کے انتقال پر علمی و ادبی اور مذہبی حلقوں نے بہت رنج اور دکھ کا اظہار کیا ہے۔ممتاز ثنا خواں و ثنا گو سرور حسین نقشبندی نے کہا کہ راجہ رشید محمود کی نعتیہ خدمات کو کسی طور بھلایا نہیں جا سکے گا۔

ان کا کام اتنا وقیع اور کثیر الجہات ہے کہ نعت کے طالب علموں کو اس کی تحقیق کے لئے خاصا وقت درکار ہو گا۔ سب سے زیادہ حمدیہ اور نعتیہ مجموعوں کا اعزاز انہیں دوسروں سے ہمیشہ ممتاز رکھے گا۔ علمی و فکری اعتبار سے انہوں نے نعتیہ ادب کو اتنا ثروت مند کیا ہے جس کی کوئی اور مثال موجود نہیں ہے۔ انہیں نعتیہ صحافت کا بانی کہا جائے تو بے جا نہ ہو گا۔

متعلقہ عنوان :