گور نر پنجاب نے لاہور ڈویژن میں پنجاب آب پاک اتھارٹی کی 146سکیموں کا سنگ بنیاد رکھ دیا

ہم نے ہمیشہ یکساں انصاف کی بات کی اور جہانگیر خان تر ین کے خلاف جو بھی مقدمات ہیں ان کی تحقیقات ہو رہی ہے ‘محمد سرور پی ڈی ایم سے پیپلزپارٹی اور اے این پی نکل چکی ہے ،پی ڈی ایم جماعتیں اب حکومت کے خلاف نہیں ایک دوسرے کیخلاف ہی لانگ مارچ کریں گی‘میڈیاسے گفتگو

پیر 12 اپریل 2021 17:49

گور نر پنجاب نے لاہور ڈویژن میں پنجاب آب پاک اتھارٹی کی 146سکیموں کا ..
لاہو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اپریل2021ء) گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے لاہور کے لیے پینے کے صاف پانی کی 16،قصور کیلئے 82، ننکانہ صاحب کے لیے 21اور شیخوپورہ کی 27سکیموں کا سنگ بنیاد رکھ دیا ہے ان سکیموں پر399ملین روپے سے زائد خرچ ہوں گے۔ تقر یب میں وزیر اعلی پنجاب کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردو س عاشق اعوان اورتحر یک انصاف کے سینیٹر اعجاز احمد چوہدر ی سمیت تحر یک انصاف لاہور کے اراکین اسمبلی ،چیئر مین پنجاب آب پاک اتھارٹی ڈاکٹر شکیل احمد اور چیف ایگز یکٹوپنجاب آب پاک اتھارٹی سید زاہد عزیز سمیت دیگر بھی موجود تھے۔

تقر یب کے بعد مشتر کہ پر یس کانفر نس کے دوران گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان ہمیشہ سے یہ کہتے رہے ہیں کہ تحر یک انصاف کا مقابلہ اپوزیشن جماعتوں سے نہیں بلکہ تحر یک انصاف سے ہی ہے اور عام انتخابات کے دوران جب تحر یک انصاف میں سب ایک پیج پر آئے تو ہم نے بھر پور کامیابی حاصل کی اور آج بھی ہمیں تحر یک انصاف کے اندر اختلافات کی سیاست کو ختم کر کے متحد ہونا چاہیے ۔

(جاری ہے)

جہانگیر خان ترین کے متعلق سوال کے جواب میں چوہدری محمدسرورنے کہا کہ ہم نے ہمیشہ یکساں انصاف کی بات کی ہے اور جہانگیر خان تر ین کے خلاف جو بھی مقدمات ہیں ان کی تحقیقات ہو رہی ہے اس لیے میں ابھی یہ نہیں کہہ سکتا کہ وہ مقدمات غلط ہیں یا ٹھیک کیونکہ کیس کے بارے میں حتمی فیصلہ تحقیقات کے بعد ہی ہوگا مگر میں جہانگیر خان تر ین کو اس بات کی گارنٹی دیتاہوں کہ ان کے معاملے میں وفاقی یا پنجاب حکومت سمیت کوئی بھی ادارہ جانبدار نہیں ہوگا اور انصاف کے تقاضے پورے ہوں گے۔

چوہدری محمد سرور نے کہا کہ پی ڈی ایم سے پیپلزپارٹی اور اے این پی نکل چکی ہے اور اب پی ڈی ایم کا جو حشرہے اس کے بعد کوئی شک نہیں کہ پی ڈی ایم جماعتیں اب حکومت کے خلاف نہیں ایک دوسرے کیخلاف ہی لانگ مارچ کریں گی۔اُنہوں نے کہا کہ تحر یک انصاف کی حکومت وفاقی یا پنجاب حکومت کو پی ڈی ایم یا کسی اورسے کوئی خطر ہ نہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ عوام ملک میں جمہوریت کا تسلسل ،کر پشن کا خاتمہ اور آئین وقانون کی حکمرانی چاہتے ہیں جس کے لیے ہم کام کر رہے ہیں۔

گور نر پنجاب نے کہا کہ پنجاب آب پاک اتھارٹی صرف تحر یک انصاف یااتحادی جماعتوں کے اراکین اسمبلی کے حلقوں میں ہی نہیں بلکہ جہاں سے اپوزیشن جماعتوں کے لوگ بھی جیتے ہیں وہاں بھی فلٹر یشن پلانٹس لگائے گی اور فلٹر یشن پلانٹس کے حوالے سے فلاحی تنظیمیں ہمارے ساتھ مکمل تعاون کر رہی ہیں ۔ اُنہوں نے کہا کہ جتنے فلٹر یشن پلانٹس پنجاب آب پاک اتھارٹی لگائے گی اتنے ہی فلٹر یشن پلانٹس فلاحی تنظیموں کے ساتھ ملکر ہم لگائیں گے۔

ڈاکٹر فردو س عاشق اعوان نے کہا کہ پینے کا صاف پانی سب سے اہم ضرور ت ہے اورگور نر پنجاب چوہدری محمدسرور کی سربراہی میں پنجاب آب پاک اتھارٹی کے قیام کے بعد مجھے یقین ہے کہ اب پنجاب کے عوام کو پینے کا صاف پانی ملے گا اور پینے کے صاف پانی کے بعد بہت سی بیماریوں کی روک تھام میں بھی مدد ملے گی۔ جہانگیر خان تر ین کے ساتھ عدالت جانیوالے اراکین اسمبلی کے متعلق سوال کے جواب میں ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ گورنر پنجا ب کے پاس ہر زخم کا علاج ہے اور میں گور نر پنجاب سے کہنا چاہتی ہوں کہ پارٹی کے اندر جن لوگوں کے بھی شکوے شکایت ہیں ان کو گورنربرنال لگائیں گے۔

اُنہوں نے کہا کہ عمران خان کے گلدستے میں بہت سے پھول ہیں بکھرے ہوئے گلدستے کی پہچان ختم ہو جاتی ہے اور جہاں تک پی ڈی ایم کا تعلق ہے تو میرا پہلے دن سے موقف ہے کہ پیپلز پارٹی کبھی استعفے نہیں دے گی۔