وہ ملک جہاں مقیم مسلمانوں کو 23 گھنٹے طویل روزہ رکھنا ہوگا

فن لینڈ میں روزے کا دورانیہ 23 گھنٹے 5 منٹ ہوگا، افطار اور سحری کے درمیان صرف چند منٹوں کا وقفہ میسر آئے گا

muhammad ali محمد علی پیر 12 اپریل 2021 22:07

وہ ملک جہاں مقیم مسلمانوں کو 23 گھنٹے طویل روزہ رکھنا ہوگا
فن لینڈ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 12 اپریل2021ء) وہ ملک جہاں مقیم مسلمانوں کو 23 گھنٹے طویل روزہ رکھنا ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق دنیا بھر کے کروڑوں مسلمان کا انتظار ختم ہو چکا، کئی ممالک میں رمضان المبارک کا چاند نظر آ چکا، جبکہ بقیہ ممالک میں ماہ مقدس کا چاند کل نظر آنے کا امکان ہے۔ اب تک سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، قطر، ترکی، ملائیشیا سمیت کل 12 ممالک میں رمضان المبارک کا چاند نظر آ چکا۔

رمضان المبارک کی آمد کیساتھ ہی ایک رپورٹ سامنے آئی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ اس بار کس ملک میں سب سے طویل اور کس ملک میں سب سے مختصر روزہ ہوگا۔ اگر روزے کے طویل دورانیے کی بات کی جائے تو فن لینڈ اس اعتبار سے طویل ترین دورانیے والا ملک ہوگا جہاں روزہ داروں کو 23 گھنٹے 5 منٹ کا روزہ رکھنا ہوگا۔

(جاری ہے)

اس کے بعد سویڈن اور ناروے کا نمبر آتا ہے جب کہ روس میں 20 گھنٹے 45 منٹ کا روزہ ہو گا۔

سب سے مختصر دورانیہ آسٹریلیا میں ہوگا جہاں روزے کا دورانیہ 11 گھنٹے 59 منٹ ہوگا، ارجنٹائن میں 12 گھنٹے 23 منٹ اور چلی میں 12 گھنٹے 41 منٹ کا روزہ ہو گا۔ عرب ممالک میں روزے کا دورانیہ 13 اور 16 گھنٹوں کے درمیان ہو گا۔ مغربی عرب ممالک میں الجزائر اور تیونس میں روزے کا دورانیہ دوسرے عرب ممالک کی نسبت کم ہو گا۔ ان ملکوں میں ماہ صیام کا آغاز 14 گھنٹے 39 منٹ سے ہو گا جب کہ آخری ایام 15 گھنٹے 50 منٹ تک ہو گا۔

کیمرون میں روزے کا دورانیہ 13 گھنٹے 12 منٹ اور بعض علاقوں میں 12 گھنٹے 59 منٹ ہوگا۔خلیجی ممالک میں روزے کا دورانیہ نہ تو بہت طویل ہو گا اور نہ ہی کم۔ سعودی عرب میں ماہ صیام کا آغاز 14 گھنٹے کے روزے سے ہوگا اور اختتام 14گھنٹے 42 منٹ سے ہوگا۔ ابوظبی میں 14 گھنٹے دو منٹ اور 14 گھنٹے 44 منٹ کے درمیان ہوگا۔کویت میں 14 گھنٹے 17 منٹ اور 15 گھنٹے 19 منٹ، قطر میں 14 گھنٹے 6 منٹ اور 14 گھنٹے 50 منٹ کے درمیان ہو گا۔ جبکہ پاکستان میں روزے کا دورانیہ 14 گھنٹے سے زائد رہے گا۔