لمز یونیورسٹی کی پہلی سالانہ ڈیجیٹل المنائی تقریب کا انعقاد

لاہور کی معروف لمز یونیورسٹی نے اپنی نوعیت کی پہلی تین روزہ ورچوئل ہوم کمنگ تقریب کا انعقاد کیا جس میں دنیا بھر سے اسکی المنائی کمیونٹی ایک جگہ اکھٹی ہوئی۔ یہ سالانہ تقریب 8 اپریل تا 10 اپریل جاری رہی

منگل 13 اپریل 2021 15:04

لمز یونیورسٹی کی پہلی سالانہ ڈیجیٹل المنائی تقریب کا انعقاد
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 13 اپریل2021ء) لاہور کی معروف لمز یونیورسٹی نے اپنی نوعیت کی پہلی تین روزہ ورچوئل ہوم کمنگ تقریب کا انعقاد کیا جس میں دنیا بھر سے اسکی المنائی کمیونٹی ایک جگہ اکھٹی ہوئی۔ یہ سالانہ تقریب 8 اپریل تا 10 اپریل جاری رہی۔ اس دوران مختلف اقسام کی دلچسپ سرگرمیاں منعقد ہوئیں اور دنیا بھر میں بسے لمز کے سابق طالب علموں کے مابین گہرے رابطے قائم ہوئے۔


اس موقع پر المنائی کو کیمپس کا ورچوئل دورہ کرانے سے لیکر انہیں معروف پاکستانی گلوکار وں، کرکٹرز ، فیکلٹی اراکین اور لمز لیڈرشپ کے مابین دیگر بہت سے موضوعات کے ساتھ ساتھ پاکستانی سنیما اور شاعری کے موضوع پر بھی غیر روایتی گفتگو کی گئی ۔ اس تین روزہ تقریب کے دوران شرکاء کی دلچسپی بھرپور انداز سے قائم رہی۔

(جاری ہے)


اس موقع پر ادارے کی جانب سے ایک خصوصی مہم' 'Give a Day to LUMSکا بھی انعقاد کیا گیا جس میں المنائی کی حوصلہ افزائی کی گئی کہ اپنی کم از کم ایک دن کی آمدن سے لمز اسکالرشپس میں تعاون فراہم کریں۔

اس مہم کا مقصد یہ تھا کہ باصلاحیت طالب علموں کی مالی مشکلات کو حل کیا جائے اور لمز میں انہیں مطلوبہ مہارتوں کے حصول میں معاونت فراہم کرکے ان کے لئے نئے مواقع کے دروازے کھولے جائیں تاکہ وہ عملی میدان میں قائدانہ کردار کے حامل تبدیلی لانے والے افراد بن سکیں۔
اس تقریب کے دوران المنائی کی جانب سے پرجوش انداز سے شرکت کی گئی اور انکے تجربات، تعلیمی کامیابیاں، طویل رفاقتیں اور تعلقات کا اظہار کیا گیا ۔

ان سیشنز کے دوران سابق طالب علموں کی جانب سے گریجویشن کے بعد جاب مارکیٹ میں آگے بڑھنے اور اسٹارٹ اپ وینچرز سے متعلق پہلووٴں پر روشنی ڈالی گئی۔ اس پروگرام میں متعدد سیشنز کے دوران ماڈریٹر کے فرائض سرانجام دینے والے عدیل ہاشمی نے شرکاء کو اپنی دلچسپ گفتگو سے مسلسل محظوظ کرنے کا سلسلہ جاری رکھا ۔
لمز کے بانی اراکین میں شامل بانی پرو چانسلر سید بابر علی، پرو چانسلر عبدالرزاق داوٴد، لمز کی گورننگ باڈی کے بانی اور رکن ڈاکٹر پرویز حسن اور ریکٹر شاہد حسین نے لمز کے طویل سفر پر متاثرکن انداز سے روشنی ڈالی ۔


اپنے قیام کے 35 سال کے دوران لمز کی غیرمعمولی کامیابی کا اظہار کرتے ہوئے بانی پرو چانسلر سید بابر علی نے اسے جاں فشانی سے کام کرنے والی فیکلٹی اور المنائی کے نام ان الفاظ میں کیا، "کوئی بھی یونیورسٹی اپنی عمارت یا لوگو (علامت) سے نہیں پہچانی جاتی بلکہ وہ فارغ التحصیل طالب علموں سے جانی جاتی ہے۔ اس کا سہرا فیکلٹی کو جاتا ہے جو ان طالب علموں کو بہترین انداز سے تدریس فراہم کرتی ہے۔

ہم اپنی المنائی کی کامیابی منانا چاہتے ہیں اور ان سے رابطے قائم رکھنے کے خواہاں ہیں۔ ہم ان سے سیکھنے کے خواہش مند ہیں اور اس بات کو یقینی بنانا چاہتے ہیں کہ وہ اپنے گھرانوں ، اپنے حلقوں میں اور پاکستان کے لئے فخر کا باعث بنیں ۔"
اس پروگرام میں اپنی روایات پر کاربند رہتے ہوئے وائس چانسلر المنائی اچیومنٹ ایوارڈز بھی آٹھ افراد کو پیش کئے گئے۔

ایوارڈ یافتہ افراد نے سب کے سامنے اپنی جدوجہد اور کامیابی کی داستان سنائی اور اپنی بہترین صلاحیتوں کے مطابق خدمات پیش کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔
المنائی اچیومنٹ ایوارڈز سے متعلق اظہار خیال کرتے ہوئے وائس چانسلر ڈاکٹر ارشد نے کہا، "یہ ایوارڈز ان المنائی کو پیش کئے جاتے ہیں جو لمز کے شاندار ورثے کو بہترین طریقے سے آگے بڑھاتے ہیں۔

ادارہ قومی اور بین الاقوامی سطح پر مختلف شعبوں اور خدمات میں دنیا کے سامنے ان کی کامیابیوں کو سامنے لانے پر فخر محسوس کرتا ہے۔"
لمز یونیورسٹی نے اپنی ورچوئل المنائی ہوم کمنگ تقریب میں ہر شخص کے لئے فاصلے کے ساتھ شرکت کو یقینی بنا کر رکاوٹوں کا کامیابی سے خاتمہ کردیا ہے۔ یہ المنائی ایسے وقت منعقد ہوئی جب کرونا کی وجہ سے پابندیوں کے باعث ادارے کے لئے کیمپس میں اس کانفرنس کا انعقاد ممکن نہ رہا۔
اس پروگرام میں بیشتر ایکٹویٹی کے سیشنز فیس بک پر لائیو نشر ہوئے جنہیں لمز کے باضابطہ پیج پر بھی ملاحظہ کیا جاسکتا ہے۔