پنجاب پولیس کے اہلکاروں اور افسران کی چھٹیاں تاحکم ثانی منسوخ

حالات ٹھیک ہونے تک پولیس کے جوانوں کی ہفتہ وار چھٹی بھی منسوخ، چھٹیوں کا نیا شیڈول بعد میں جاری کیا جائے گا

muhammad ali محمد علی منگل 13 اپریل 2021 22:51

پنجاب پولیس کے اہلکاروں اور افسران کی چھٹیاں تاحکم ثانی منسوخ
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 13 اپریل2021ء) پنجاب پولیس کے اہلکاروں اور افسران کی چھٹیاں تاحکم ثانی منسوخ۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت نے صوبے کے مختلف اضلاع میں جاری مذہبی جماعت کے پرتشدد مظاہروں کے باعث اہم فیصلہ کیا ہے۔ صوبائی حکومت کے احکامات پر پنجاب پولیس کے تمام اہلکاروں اور افسران کی چھٹیاں فوری منسوخ کر دی گئی ہیں۔ حکم جاری کیا گیا ہے کہ جب تک حالات قابو میں نہیں آ جاتے، تب تک ہفتہ وار تعطیل بھی منسوخ رہے گی۔

دوسری جانب پنجاب حکومت نے لاہور کے بعد مختلف اضلاع میں رینجرز طلب کرلی ہیں۔ محکمہ داخلہ پنجاب نے وزیراعلیٰ کی منظوری کے بعد رینجزر کی خدمات لینے کیلئے وفاقی حکومت کو خط ارسال کردیا ہے۔ خط میں امن وامان کی صورتحال کے پیش نظر مختلف اضلاع میں رینجرز تعینات کرنے کیلئے خدمات مانگی گئی ہیں۔

(جاری ہے)

اسی طرح وفاقی وزیر فواد چودھری کا کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں کہنا ہے کہ وفاقی حکومت نے امن وامان کی خاطر لاہور کے بعد مختلف اضلاع راولپنڈی، گوجرانوالہ، جہلم ، ملتان اور بہاولپور رینجرزتعینات کرنے کی منظوری دے دی ہے۔

دوسری جانب سربراہ تحریک لبیک کے سعد رضوی کیخلاف انسداد دہشتگردی اور قتل کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، شاہدرہ ٹاؤن میں درج مقدمے میں دیگر کارکنان کو بھی نامزد کیا گیا، مقدمہ قتل ، اقدام قتل سمیت دیگر دفعات کے تحت درج کیا گیا ہے۔ کیپیٹل سٹی پولیس آفیسر(سی سی پی او) لاہور غلام محمود ڈوگر کا کہنا ہے کہ لاہور میں شاہدرہ میں مظاہرین کے پتھراؤ سے پولیس کانسٹیبل افضل شہید ہوگئے جبکہ مظاہرین کے پتھراؤ اور تشدد سے 74 پولیس اہلکار زخمی بھی ہوئے ان میں ڈی ایس پی اور ایس ایچ اوز بھی شامل ہیں۔

مظاہرین کیخلاف مقدمات درج کرکے گرفتاریاں عمل میں لائی جارہی ہیں۔ دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے انتظامیہ اور پولیس کو قانون شکنی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کرنے کا حکم دے دیا ہے۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ قانون کی بالادستی اور رٹ آف دی سٹیٹ پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ راستے بند کرنے سے عوام خصوصاً بوڑھوں، بیماروں اور خواتین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔راستوں کی بندش کی وجہ سے عوام کو جو تکلیف اٹھانا پڑی، ذاتی طور پر معذرت خواہ ہوں۔عوام کو پریشان نہیں دیکھ سکتا، راستے بند کرنا قابل مذمت اقدام ہے۔