تیسرا ٹی ٹونٹی ، جنوبی افریقہ کا پاکستان کو جیت کے لیے 204 رنز کا ہدف

مارکرم اورجانے من مالان کی نصف سنچریاں

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 14 اپریل 2021 19:09

تیسرا ٹی ٹونٹی ، جنوبی افریقہ کا پاکستان کو جیت کے لیے 204 رنز کا ہدف
سنچورین (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 14اپریل 2021ء ) جنوبی افریقہ نے تیسرے ٹی ٹونٹی میں پاکستان کو جیت کے لیے 204 رنز کا ہدف دیا ہے ۔ جنوبی افریقہ نے اننگز کا آغاز کیا تو اوپنرز نے ٹیم کو 108 رنز کا عمدہ آغاز فراہم کیا اور اپنی اپنی نصف سنچریاں بھی مکمل کیں۔ اس شراکت کا خاتمہ اس وقت ہوا جب ایڈن مرکرم 31 گیندوں پر 4 چھکوں اور6 چوکوں سے مزین 63 رنز کی اننگز کھیل کرمحمد نواز کی وکٹ بنے۔

جارج لنڈے نے بھی 11 گیندوں پر 22 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی ، فہیم اشرف نے ان کی وکٹیں بکھیر دیں جبکہ جینمن ملان بھی 55 رنز بنانے کے بعد نواز کی دوسری وکٹ بن گئے۔ کپتان ہنری کلاسن اور ایندائل فلکوایو بالترتیب 15 اور 11 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹے۔ راسی وین ڈر ڈوسن نے 20 گیندوں پر 34 رنز کی اننگز کھیلی جسکی بدولت جنوبی افریقہ کی ٹیم مقررہ اوور میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 203 رنز بنانے میں کامیاب رہی۔

(جاری ہے)

پاکستان کی جانب سے محمد نواز 2 وکٹوں کے ساتھ سب سے کامیاب باؤلر رہے جب کہ فہیم اشرف، حسن علی اور شاہین شاہ آفریدی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ اس سے قبل سنچورین میں کھیلے جا رہے سیریز کے تیسرے ٹی ٹونٹی میں پاکستان کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر پہلے جنوبی افریقہ کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ پاکستان نے میچ کے لیے ٹیم میں تین تبدیلیاں کرتے ہوئے محمد حسنین، شرجیل خان اور عثمان قادر کو آرام کا موقع فراہم کیا ہے۔

ان تینوں کھلاڑیوں کی جگہ فخر زمان، حارث رؤف اور آصف علی کو فائنل الیون کا حصہ بنایا گیا ہے۔ حیران کن امر یہ ہے کہ گزشتہ میچ میں باؤلنگ کی ناکامی کے باوجود لیگ سپنر عثمان قادر کی جگہ ایک باؤلر کم کرکے آصف علی کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ میچ کیلئے پاکستانی ٹیم میں بابراعظم(کپتان)، فخر زمان، حیدر علی، محمد رضوان، محمد حفیظ، آصف علی، محمد نواز، فہیم اشرف، حسن علی، شاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف شامل ہیں۔ جنوبی افریقہ کی ٹیم ہنری کلاسن(کپتان)، جینمن ملان، ایڈن مرکرم، راسی وین ڈر ڈوسن، پیٹ وین بلجون، جیارج لنڈے، ایندائل فلکوایو، سیسانڈا مگالا، بیورن ہینڈرکس، لیزاڈ ولیمز اور تبریز شمسی پر مشتمل ہے۔