انٹیلی جنس رپورٹ تھی ٹی ایل پی دہشتگردی کرنا چاہتی تھی، شیخ رشید

اشتعال انگیزی کی ان کی پوری تیاری تھی، اشتعال انگیزی ریاست کیلئے ناقابل قبول ہے، رینجرز پولیس نہ ہوتی تو پورا ملک یرغمال بنا لیتے، کل شام تک ملک بھر میں حالات ٹھیک ہوجائیں گے۔ وزیرداخلہ شیخ رشید کی گفتگو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ بدھ 14 اپریل 2021 21:25

انٹیلی جنس رپورٹ تھی ٹی ایل پی دہشتگردی کرنا چاہتی تھی، شیخ رشید
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔14 اپریل2021ء) وزیرداخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ انٹیلی جنس رپورٹ تھی ٹی ایل پی دہشتگردی کرنا چاہتی تھی، ان کی پوری تیاری تھی، اشتعال انگیزی ریاست کیلئے ناقابل قبول ہے،رینجرز پولیس نہ ہوتی تو پورا ملک یرغمال بنا لیتے،کل شام تک ملک بھر میں حالات ٹھیک ہوجائیں گے۔انہوں نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے تحریک لبیک پر پابندی سے متعلق بتایا کہ ٹی ایل پی کی سیاست دھرنے دینا ہے، ہم نے ان سے کہا کہ ایک ایسا مسودہ بنالیں، جو قابل قبول ہو، احتجاج کے دوران ہسپتالوں پر حملے کیے، اسلام آباد میں نزدیک یا لاہور اور پنجاب میں پولیس اہلکاروں کو اغواء کرکے عجیب وغریب شرائط رکھی گئیں۔

جب حالات اس طرح کے ہوجائیں تو پھر پابندی لگانا تھی۔

(جاری ہے)

رینجرز پولیس نہ ہوتی تو پورا ملک یرغمال بنا لیتے، ہم تو ان کے بل پر بات کرنے کو تیار تھے،یہ مسودے کے الفاظ تبدیل کرنے پر تیار نہیں تھے۔ انٹیلی جنس رپورٹ تھی کہ یہ دہشتگردی پھیلانا چاہتے ہیں، اشتعال پھیلانا چاہتے ہیں، ان کے سوشل میڈیا کے لوگ بھی اشتعال پھیلا رہے ہیں۔ ٹی ایل پی کی بڑی تیاری تھی، ہم نے آخری وقت 12اپریل کو بھی پوری کوشش کی۔

لیکن ان کی تیاریاں ریاست کیلئے ناقابل قبول تھیں۔ ٹی ایل پی سے متعلق فیصلہ پاکستان کیلئے ضروری ہوگیا تھا۔ اس وقت ملک بھر میں ساری شاہراہیں کھل چکی ہیں، لاہور کے اندر 12، 13 مقامات ہیں، کراچی میں ہیں۔ لیکن کل شام تک ملک بھر میں حالات ٹھیک ہوجائیں گے۔ اس ٹی ایل پی کی تحریک کی مد میں بزدار کی قربانی نہیں ہوگی، ان کے ساتھ عمران خان کھڑے ہیں، تین سال ان کے پورے ہوچکے ہیں۔

دوسری جانب وفاقی حکومت نے ملک کے مختلف شہروں میں پر تشدد احتجاج کے بعد تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) پر پابندی لگانے کا فیصلہ کرلیا ہے اور اس حوالے سمری وفاقی کابینہ کو ارسال کر دی گئی جبکہ وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ ہم پارلیمنٹ میں قرار داد پیش کرنے کیلئے تیار تھے، ٹی ایل پی ایسا مسودہ لانا چاہتی تھی جس سے انتہا پسندی کا تاثر ابھرتا، احتجاج کے دوران کوویڈ 19 کے مریضوں کیلئے منگوائی گئی آکسیجن روکی گئی، جی ٹی روڈ، موٹرویز بحال ہیں،تشدد میں دو اہلکار شہید اور 340 زخمی ہوئے ،پولیس، رینجرز اور ضلعی انتظامیہ کو علاقے کلیئر کرانے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں ،سوشل میڈیا پر سڑکیں بلاک کرنے اور بے امنی کے پیغامات دینے والوں کا قانون پیچھا کررہا ہے، جماعت کا میڈیا چلانے والے لوگ سرینڈر کر دیں ،اگرآپ سوشل میڈیا کے ذریعے حکومت کو مسائل سے دوچار کرسکتے ہیں تو آپ اپنے آپ کو مسائل سے دوچار کریں گے، کبھی بھی اس جماعت کی حمایت نہیں کی اور نہ ہی کبھی خادم حسین سے ملا۔

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کی زیر صدارت امن وامان کی صورتحال پر اجلاس میں وفاقی وزیر مذہبی امورنور الحق قادری ،سیکرٹری داخلہ، آئی جی پنجاب، چیف کمشنر اسلام آباد ، آئی جی اسلام آباد، رینجرز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی جبکہ اجلاس میں آئی جی پنجاب انعام غنی اور کمشنر راولپنڈی کی بذریعہ ویڈیو لنک شریک ہوئے،اجلاس میں مذہبی جماعت کی جانب سے احتجاج کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔