کارسرکار میں مداخلت کا مقدمہ، حلیم عادل شیخ پر فرد جرم عائد

جو بھی سندھ حکومت کی کرپشن بے نقاب کرتا ہے اس پر کیس بنا دیئے جاتے ہیں، حلیم عادل شیخ

جمعرات 15 اپریل 2021 14:26

کارسرکار میں مداخلت کا مقدمہ، حلیم عادل شیخ پر فرد جرم عائد
میرپورماتھیلو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اپریل2021ء) گھوٹکی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اپریل2021ء) میرپور ماتھیلو عدالت نے 2019میں کارسرکارمیں مداخلت کے مقدمے میں اپوزیشن لیڈرسندھ اور پی ٹی آئی رہنماحلیم عادل شیخ پر فرد جرم عائد کردی ہے۔جمعرات کو 2019میں کارسرکارمیں مداخلت کے مقدمے کی سماعت میرپورماتھیلو عدالت میں ہوئی ،اس موقع پر حلیم عادل شیخ عدالت میں پیش ہوئے،عدالت نے کارسرکارمیں مداخلت کے مقدمے میں حلیم عادل شیخ پر فردجرم عائد کردی تاہم اپوزیشن لیڈرسندھ اسمبلی نے صحت جرم سے انکار کرتے ہوئے کہا میرے خلاف مقدمہ سیاسی بنیادوں پر بنایا گیاہے۔

مقدمے کا مدعی پولیس افسر شیر خان بزدار عدالت میں پیش نہیں ہوا، عدالت نے کیس کی سماعت 26 مئی تک ملتوی کردی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر حلیم عادل شیخ نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ جو بھی سندھ حکومت کی کرپشن بے نقاب کرتا ہے اس پر کیس بنا دیئے جاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے کرپشن کے ریکارڈ قائم کئے ہیں، ہر ہفتے کروڑوں روپے کتوں کے مارنے پر خرچ کئے جا رہے ہیں، کتے بھی موجود ہیں، کتے مارنے والے بھی موجود ہیں،عوام کو کتے کاٹ رہے ہیں۔حلیم عادل شیخ نے کہا کہ سندھ تیل اور گیس کی پیداوار کا مرکز ہے لیکن کھنڈر بنا دیا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ جمعہ کو وزیراعظم آئی بی اے سکھر آ رہے ہیں،وہ سندھ کے عوام کے لئے میگا پیکیج کا اعلان کریں گے۔