Live Updates

آپ چاہیں تو ہم حکومت بنا سکتے ہیں، ن لیگ کی جہانگیر ترین کو بڑی آفر

ہمیں پیپلز پارٹی کی بھی ضرورت نہیں ، آپکے اور ہمارے لوگ ہی نمبر گیم پوری کر لیں گے، ن لیگ کی پیشکش پر جہانگیر ترین نے کہا فی الحال نہیں تاہم بات چل پڑی ہے۔عارف حمید بھٹی کا دعویٰ

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعرات 15 اپریل 2021 21:14

آپ چاہیں تو ہم حکومت بنا سکتے ہیں، ن لیگ کی جہانگیر ترین کو بڑی آفر
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 15 اپریل 2021ء) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین کو مسلم لیگ ن کی جانب سے بڑی آفر کی گئی ہے۔اس بات کا دعوی سینئر صحافی عارف حمید بھٹی کی جانب سے کیا گیا ہے۔ انہوں نے نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کل رات جہانگیرترین کو ن لیگ کی جانب سے بہت بڑی آفر کی جا چکی ہے۔ن لیگ نے جہانگیر ترین سے کہا کہ آپ صرف ہاں کریں۔

ہم روزوں میں آپ کو خوشخبری دیں گے۔ن لیگ نے اپنے نمبر جہانگیر ترین کو بتائے اور کہا کہ ہمیں پیپلز پارٹی کی ضرورت نہیں ہے۔اتنے ہمارے لوگ ہیں اور اتنے آپ کے، آپ چاہیں تو ہم عید سے پہلے عید منا لیں گے۔لیکن جہانگیر ترین نے کہا کہ فی الحال نہیں ہیں تاہم بات چل پڑی ہے۔ بات کہاں تک پہنچتی ہے یہ تو آنے والا وقت بتائے گا۔

(جاری ہے)

جہاں ایک طرف اپوزیشن جہانگیر ترین اور عمران خان کے مابین دوریوں کا فائدہ اٹھانے کی بھرپور کوشش کر رہی ہے،وہیں : پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین کے معاملے پر حکومتی وزرا متحرک ہو گئے ہیں۔

حکومتی وزرا نے وزیراعظم عمران خان اور جہانگیر ترین کے مابین رابطے کے لیے کوششیں تیز کر دی ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ بعض حکومتی وزرا نے جہانگیر ترین سے بیک ڈور رابطے بھی کیے۔ وزیراعظم عمران خان کے قریبی ساتھی بھی جہانگیر ترین سے صلح کے خواہشمند ہیں۔ جہانگیر ترین کے ہم خیال گروپ نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کے لیے بھی رابطے تیز کر دئے ہیں۔

حکومتی اراکین کا کہنا ہے کہ چاہتے ہیں معاملہ افہام و تفہیم سے حل ہو۔ سخت بیانات سے گریز بہت زیادہ ضروری ہے۔ یاد رہے کہ گذشتہ برس ایف آئی اے میں چینی بحران اور منی لانڈرنگ کی تحقیقات کے سلسلے میں وزیراعظم عمران خان کے قریبی ساتھی جہانگیر ترین کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا، جہانگیر ترین کی عدالت میں پیشی کے موقع پر پی ٹی آئی کے اراکین اسمبلی اور کچھ مشیروں نے بھی ان سے اظہار یکجہتی کیا تھا جس کے بعد پی ٹی آئی کی صفوں میں تقسیم کی چہ مگوئیاں ہونے لگی تھیں۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات