کالعدم ٹی ایل پی کے سربراہ سعد رضوی کی فی الفور احتجاج ختم کرنےکی ہدایت

ملکی مفاد کی خاطر کوئی غیرقانونی قدم نہ اٹھائیں، احتجاج اور روڈ بلاک فی الفور ختم کیے جائیں، کارکنان پرامن طور پر اپنے گھروں کو واپس جائیں۔ سربراہ کالعدم ٹی ایل پی کی شوریٰ ممبران کے نام پیغام میں اپیل

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 15 اپریل 2021 22:57

کالعدم ٹی ایل پی کے سربراہ سعد رضوی کی فی الفور احتجاج ختم کرنےکی ہدایت
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔15 اپریل2021ء) کالعدم تحریک لبیک پاکستان کے سربراہ سعد رضوی نے فی الفور احتجاج ختم کرنے کی ہدایت کردی ہے، انہوں نے ٹی ایل پی شوریٰ ممبران کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ ملکی مفاد کی خاطر کوئی غیرقانونی قدم نہ اٹھائیں، احتجاج اور روڈ بلاک فی الفور ختم کیے جائیں، کارکنان پرامن طور پر اپنے گھروں کو واپس جائیں، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔

تفصیلات کے مطابق کالعدم تحریک لبیک پاکستان کے سربراہ سعد رضوی نے ٹی ایل پی شوریٰ ممبران کے نام اپنے پیغام میں کہا ہے کہ میں حافظ سعد رضوی ولد خادم رضوی اپنے ہوش وحواس بلاجبر کارکنان سے مخاطب ہوں کہ ملکی مفاد کی خاطر کوئی غیرقانونی قدم نہ اٹھائیں، احتجاج اور روڈ بلاک فی الفور ختم کیے جائیں۔

(جاری ہے)

تمام کارکنان پرامن طور پر اپنے گھروں کو واپس جائیں۔

مرکزمسجد رحمت اللعالمین ﷺ کے باہر بھی فی الفور احتجاج ختم کیا جائے۔کارکنان قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔ واضح رہے  وزارت داخلہ نے تحریک لبیک پاکستان کو کالعدم جماعت قرار دے دیا ہے،

 ٹی ایل پی کو انسداد دہشتگردی ایکٹ 1997 کے تحت کالعدم قرار دیا گیا، تحریک لبیک کو کالعدم قرار دینے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ تحریک لبیک ملک میں دہشتگردی اور دوسرے گھناؤنے جرائم میں ملوث ہے۔ پیمرا نے بھی کالعدم تحریک لبیک پاکستان کی ہرقسم کی میڈیا کوریج پرپابندی لگا دی ہے، پیمرا نے پابندی اس لیے لگائی ہے کہ وزارت داخلہ نے تحریک لبیک پاکستان کو کالعدم قرار دے دیا ہے۔ لہذا پیمرا کے ریگولیشن اور ضابطہ اخلاق کے تحت کالعدم تنظیموں کی میڈیا کوریج پر بھی پابندی ہے۔

اس سے قبل وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے وفاقی وزیر نورالحق قادری کے ہمراہ پریس کانفرنس میں کہا کہ کابینہ نے تحریک لبیک کو تحلیل کرانے کی منظوری دے دی ، ٹی ایل پی کو تحلیل کرانے کی سمری کل کابینہ میں پیش کریں گے، ٹی ایل پی کیخلاف سپریم کورٹ میں ریفرنس دائر کریں گے، قومی اسمبلی میں قرارداد نہیں لے کرآئیں گے،ان کے ارادے بہت خوفناک ہیں، پابندی کا جلد نوٹیفکیشن جاری کردیں گے۔

فرانس کے تمام شہری پاکستان میں محفوظ ہیں، ان کو کوئی خطرہ نہیں ہے، یتیم خانہ کے علاوہ پورا پاکستان کھلا ہوا ہے، ٹی ایل پی کے پرتشدد مظاہرے میں2 پولیس اہلکار جاں بحق، 580 پولیس اہلکار زخمی، 30 گاڑیاں جلائی گئیں۔ جو قانون کو ہاتھ میں لے گاقانون اس کو ہاتھ میں لے گا،ملک میں افراتفریح کا کوئی ایجنڈا کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔55اسلامی ممالک ہیں سارا بوجھ ہم نہیں لے سکتے تھے، یورپی یونین کے سارے لوگ چلے جائیں گے۔ حکومت قرارداد کا ایسا مسودہ چاہتی ہے جس کا سفارتی تعلقات پر اثرنہ پڑے۔