وزیراعظم عمران خان سے ترک صدر کا فون پر رابطہ

دونوں راہنماﺅں نے دو طرفہ تعلقات سمیت خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعہ 16 اپریل 2021 00:55

وزیراعظم عمران خان سے ترک صدر کا فون پر رابطہ
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-ا نٹرنیشنل پریس ایجنسی۔16 اپریل ۔2021ء) وزیراعظم عمران خان سے ترکی کے صدر رجب طیب اردوان نے فون پر رابطہ کیا ہے ٹیلی فونک رابطے میں دونوں راہنماﺅں کے درمیان دو طرفہ تعلقات سمیت خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال ہوا ہے. تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان اور ترک صدر رجب طیب ایردوان نے ایک دوسرے کو رمضان المبارک کی بھی مبارکباد دی ہے ٹیلی فونک بات چیت میں دونوں راہنماﺅں نے دوطرفہ تعلقات کی مضبوطی اور اسٹریٹیجک پارٹنرشپ بڑھانے سمیت دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطح کی شراکت داری جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا.

(جاری ہے)

بات چیت میں افغانستان سے امریکی فوج کے انخلا پر بھی تبادلہ خیال کیا گیاوزیراعظم عمران خان نے افغانستان کے سیاسی حل کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بین الافغان مذاکرات نے خطے میں امن کے لیے بہترین موقع فراہم کیا ہے. وزیراعظم عمران خان نے ترک صدر رجب طیب ایردوان سے بات چیت میں کہا کہ افغان قیادت مسئلے کے سیاسی حل کے لیے اس موقع کا فائدہ اٹھائے وزیراعظم کا بات چیت میں کہنا تھا کہ پاکستان افغان امن عمل میں مکمل تعاون فراہم کیا ہے انہوں نے کہا کہ پاکستان افغانستان میں پائیدار قیام امن کے لیے کوششیں جاری رکھے گا.

دونوں راہنماﺅں کے درمیان ہونے والی ٹیلی فونک بات چیت میں دو طرفہ روابط کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا وزیراعظم عمران خان نے خطے میں ترکی کے کردار کی بھی تعریف کی.