شہری خبردار ہو جائیں، کورونا کی نئی خطرناک قسم سامنے آ گئی

نئی قسم کورونا ویکسین کروانے والوں کو بھی متاثر کرسکتی ہے

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 16 اپریل 2021 10:36

شہری خبردار ہو جائیں، کورونا کی نئی خطرناک قسم سامنے آ گئی
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 16 اپریل 2021ء) : کورونا کی نئی قسم نے صوبائی دارالحکومت لاہور میں ڈیرے ڈال لیے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق صوبائی دارالحکومت لاہور میں کورونا وائرس کی ساؤتھ افریقن قسم سامنے آگئی, جو کورونا ویکسین کروانے والوں کو بھی متاثر کرسکتی ہے۔ چین کے صوبے ووہان سےجنم لینے والے خطرناک کورونا وائرس نے پاکستان سمیت دنیا بھر کے کئی ممالک کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے، کورونا کے وارتھمنے کا نام ہی نہیں لے رہے، موذی وائرس کی روز بہ روز نئی خطرناک قسم سامنے آرہی ہے، کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے مختلف ممالک میں لاک ڈاؤن نافذ ہے۔

خیال رہے کہ پاکستان میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے 110 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 15 ہزار 982 ہوگئی۔

(جاری ہے)

پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 7 لاکھ 45 ہزار 182 ہوگئی۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 4 ہزار 123 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 2 لاکھ 61 ہزار 173، سندھ میں 2 لاکھ 70 ہزار 963، خیبر پختونخوا میں ایک لاکھ 3 ہزار 419، بلوچستان میں 20 ہزار 662، گلگت بلتستان میں 5 ہزار 163، اسلام آباد میں 68 ہزار 665 جبکہ آزاد کشمیر میں 15 ہزار 137 کیسز رپورٹ ہوئے۔

عالمی وبا کورونا وائرس کے سبب دنیا میں 13 کروڑ96لاکھ 73ہزار سے زائد افراد متاثر اور 29 لاکھ99 ہزار 377افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ دنیا بھر میں کورونا سے صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 11 کروڑ87لاکھ سے زائد اور فعال کیسز کی تعداد1 کروڑ79 لاکھ سے زائد ہے۔ یاد رہے کہ کورونا وائرس کا پہلا کیس 17 نومبر 2019 کو رجسٹرڈ ہوا تھا جس کے بعد 27 جون 2020 کو کیسز کی تعداد ایک کروڑ ہوگئی تھی۔ 24 نومبر کو کورونا کیسز کی تعداد چھ کروڑ ہوئی تھی، دس دسمبر 2020 کو کیسز سات کروڑ تک پہنچ گئے تھے، 25 دسمبر کو کیسز کی تعداد آٹھ کروڑ ہو گئی، 9 جنوری کو کیسز نے نو کروڑ کا ہندسہ عبورکرلیا تھا اور 25 جنوری کو کیسز دس کروڑ سے بڑھ گئے تھے۔