”میں کوروناوائرس کا شکار ہو گیا ہوں، اس آزمائش پر اللہ کا شکر ادا کرتا ہوں“

مشہور سعودی عالم شیخ عادل الکلبانی ویکسین کی دونوں خوراکیں لگوانے کے باوجود اس موذی مرض کا نشانہ بن گئے، خصوصی ویڈیو پیغام جاری کر دیا

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 16 اپریل 2021 11:41

”میں کوروناوائرس کا شکار ہو گیا ہوں، اس آزمائش پر اللہ کا شکر ادا کرتا ..
ریاض (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔16اپریل2021ء) سعودی عرب کے مشہور عالم دین اور ریاض کی جامع مسجد المحیصن کے خطیب شیخ عادل الکلبانی بھی کورونا وائرس سے متاثر ہو گئے ہیں۔ حالانکہ انہوں نے کورونا سے بچاؤ کی ویکسین کی دونوں خوراکیں لگوا لی تھیں۔ انہیں دوسری خوراک لگوائے ہوئے بھی 13 روز گزر چکے تھے۔ شیخ الکلبانی کے بارے میں خبریں سامنے آ رہی تھیں کہ وہ کورونا کا شکار ہو گئے، جس کے بعد ان کے مداح پریشان تھے۔

اس حوالے سے شیخ الکلبانی نے خود ہی اپنے ٹک ٹاک اکاؤنٹ سے ویڈیو پیغام جاری کر کے کورونا میں مبتلا ہونے کی تصدیق کر دی ہے۔ الکلبانی نے اپنے پیغام میں بتایا کہ انہوں نے طبیعت خراب ہونے پر کورونا کا ٹیسٹ کروایا تھا، جس کی رپورٹ پازیٹو آئی ہے حالانکہ وہ ویکسین دی دونوں خوراکیں لے چکے تھے،ا ور دوسری خوراک لیے ہوئے بھی تیرہ روز گزر چکے تھے۔

(جاری ہے)

اپنے اس ویڈیو پیغام میں انہوں نے اللہ پر بھروسے کے حوالے سے ایسی باتیں کہیں کہ سب کے دل جیت لیے۔ شیخ الکلبانی نے ویڈیو پیغام میں کہا ”میرے حوالے سے بہت سی افواہیں سرگرم ہیں۔ میں آپ سب کو بتانا چاہتا ہوں کہ جس طرح اس سال بہت سے افراد اس موذی وبا کا شکار ہوئے ہیں، مجھے بھی کورونا ہو گیا ہے۔ میں اس آزمائش پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتا ہوں۔

جو تقدیر میں لکھا ہے، اسے ٹالا نہیں جا سکتا ہے۔ میں اپنی قسمت پر راضی ہوں۔ ہر حال میں اللہ کا شکر کرنا ہم پر واجب ہے۔“دوسری جانب مساجد میں نمازیوں کی لاپرواہی کا سلسلہ تھم نہیں سکا ہے۔ مملکت میں گزشتہ روز مزید 8 نمازیوں میں کورونا کی تشخیص ہونے کے بعد پانچ علاقوں کی 8 مساجد بند کر دی گئی ہیں۔ سعودیہ میں کورونا کیسز کی وجہ سے گزشتہ 67 روز کے دوران اب تک 598 مساجد عارضی طور پر بند کی جا چکی ہیں۔

جن میں سے 579 کو سینیٹائزیشن کے بعد دوبارہ کھول دیا گیا ہے۔ گزشتہ روز بند کی جانے والی مساجد میں سے 2ریاض میں، 2 عسیر، 2 حدود شمالیہ، جبکہ ایک ، ایک مسجد باحہ اور مشرقی ریجن میں واقع ہے۔سعودی حکام نے چند ہفتے قبل خبردار کیا تھا کہ اگر مساجد میں کورونا کیسز سامنے آنے کا سلسلہ جاری رہا تو مملکت کی مساجد کو کئی ہفتوں کے لیے مستقل طور پر بھی بند کیا جا سکتا ہے۔ اس لیے نمازیوں کو ماسک پہننے، سماجی فاصلہ اختیار کرنے سمیت دیگر احتیاطی اقدامات پر پوری طرح عمل کرنا ہوگا۔