وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے زخمی پولیس اہلکاروں اور رینجرز کے جوانوں کی عیادت کی ، متشددانہ کارروائیوں کا تحمل سے مقابلہ کرنے پر خراج تحسین پیش کیا

جمعہ 16 اپریل 2021 12:25

وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے زخمی  پولیس اہلکاروں اور رینجرز کے جوانوں ..
راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اپریل2021ء) وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے امن و امان کے حوالے سے بہت زبردست کام کیا،  کالعدم تنظیم کے کارکنوں کی متشددانہ کاروائیوں کا تحمل سے مقابلہ کیا،پولیس اور رینجرز کے افسروں اور جوانوں نے بہت ہمت اور بہادری دکھائی۔

(جاری ہے)

ان خیالات کااظہارانہوں نے جمعہ کو  کمبائینڈ ملٹری ہسپتال اور  ڈسٹرکٹ ہیڈکواٹرزہسپتال راولپنڈی  میں کالعدم تحریک لبیک پاکستان کے کارکنوں کے تشدد سے زخمی ہونے والے پولیس اہلکاروں اور رینجرز کے جوانوں کی عیادت کے موقع پر کیا۔

وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے  رینجرز کےجوانوں اور پولیس اہلکاروں کو شاباش دی اور پیشہ وارانہ امور پر زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے امن و امان کے حوالے سے بہت زبردست کام کیا۔انہوں نے کہا کہ امن و امان بحال رکھنے پر پولیس اور رینجرز کے افسروں اور جوانوں نے بہت ہمت اور بہادری دکھائی  اورکالعدم تنظیم کے کارکنوں کی متشددانہ کاروائیوں کا تحمل سے مقابلہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ کسی جتھے کو ریاست کو یرغمال بنانے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔