کورونا وائرس کا تیزی سے پھیلائو، بھارتی دارالحکومت دہلی اور مہاراشٹر میں کرفیو نافذ

جمعہ 16 اپریل 2021 12:26

کورونا وائرس  کا تیزی سے پھیلائو، بھارتی دارالحکومت  دہلی اور مہاراشٹر ..
نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اپریل2021ء) بھارت میں تیزی سے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے باعث دہلی اور مہاراشٹر میں کرفیو نافذ کردیا گیا ہے۔ بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق  دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے پریس کانفرنس میں اعلان کیا کہ دہلی  اور ریاست مہاراشٹر میں رات 10بجے سے صبح 6بجے تک کرفیو نافذ رہے گا۔ دارالحکومت میں کورونا وبا سے حفاظت کے سلسلے میں کرفیو کے دوران طبی عملے اور دیگر افراد کے لیے کرفیو پاس جاری کیے جائیں گے۔

اس دوران نئی دہلی میں میٹنگ ہال، مال اور جم مکمل طور پر بند رہیں گے۔

(جاری ہے)

بھارتی دارالحکومت دہلی میں گزشتہ24 گھنٹوں کے دوران مزید 104 افراد ہلاک ہو ئے۔ بھارتی ریاست  مہاراشٹر اس وقت کورونا وائرس سے سب سے متاثرہ ریاست ہے۔ اس کے بعد دہلی، پنجاب، ہریانہ اور اترپردیش میں بھی مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے۔  بھارتی وزارتِ صحت  کے مطابق 24 گھنٹے کے دوران ملک بھر میں 2لاکھ 739 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی، جس کے بعد مجموعی کیسوں کی تعداد ایک کروڑ 40 لاکھ 74 ہزار 564 تک پہنچ گئی ہے۔ واضح  رہے کہ   کورونا وائرس کی وجہ سے اموات میں ریکارڈ اضافے کے باعث دہلی میں سب سے بڑے شمشان گھاٹ پر مردوں کو نذر آتش کرنے کے لیے لمبی قطاریں لگی ہوئی ہیں۔