حکومت کا پولیس اہل کاروں پر تشدد میں ملوث افراد کے خلاف دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرنے کا اعلان

ویڈیوز کی مدد سے لوگوں کی نشاندہی کی جاری ہے ، ضلعی انتظامیہ تمام تقاریر کو بھی مانیٹر کرے گی ، وفاقی وزیر فواد چوہدری کا بیان

Sajid Ali ساجد علی جمعہ 16 اپریل 2021 12:49

حکومت کا پولیس اہل کاروں پر تشدد میں ملوث افراد کے خلاف دہشت گردی ایکٹ ..
اسلام آباد (اردو پوائنٹ ، تازہ ترین اخبار ، 16اپریل 2021) حکومت نے پولیس اہل کاروں پر تشدد میں ملوث افراد کے خلاف دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرنے کا اعلان کردیا ، وفاقی وزیر فواد چوہدری کہتے ہیں کہ پولیس اہل کاروں پر تشدد میں ملوث افراد کے خلاف دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا جائے گا ، اس سسلے میں ویڈیوز کی مدد سے لوگوں کی نشاندہی کی جاری ہے ، ضلعی انتظامیہ تمام تقاریر کو بھی مانیٹر کرے گی۔

تفصیلات کے مطابق اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی ( نادرا) ، سیف سٹی لاہور اور دیگر اداروں پر مشتمل خصوصی سیل قائم کردیا گیا ہے ، متعلقہ سیل پولیس پر تشدد کے واقعات میں ملوث لوگوں کی ویڈیوز کے ذریعے ان کی نشاندہی کر رہا ہے ، ان ویڈیوز کی مدد سے اب تک درجنوں لوگ کو شناخت کیا گیا ہے ، شناخت کیے گئے افراد کے خلاف دہشت گردی ایکٹ کے تحت کارروائی کا آغاز ہو رہا ہے۔

(جاری ہے)

دوسری طرف کالعدم تحریک لبیک کی ہر طرح کی میڈیا کوریج پر پابندی عائد کردی گئی ، پیمرا کی جانب سے تمام ٹی وی چینلز اور ایف ایم ریڈیو کیلئے خصوصی ہدایت نامہ جاری کیا گیا ہے ، جس میں پمرا نے ہدایت کی ہے کہ میڈیا ضابطہ اخلاق کے مطابق کالعدم تظیموں کی میڈیا کوریج کی کسی صورت اجازت نہیں اور چونکہ تحریک لبیک کو حکومت کی جانب سے کالعم قرار دے دیا گیا ہے، لہذا ٹی وی چینلز اور ایف ایم ریڈیو ٹی ایل پی کی کوریج نہیں کر سکیں گے۔

واضح رہے کہ حکومت پاکستان کی جانب سے مذہبی جماعت تحریک لبیک پاکستان کو باقاعدہ کالعدم قرار دے دیا گیا ہے ، جمعرات کے روز وفاقی وزارت داخلہ نے وفاقی کابینہ سے منظوری کے بعد انسداد دہشت گردی ایکٹ 1997 کے تحت تحریک لبیک کو کالعدم قرار دینے کا نوٹیفیکیشن جاری کیا ، نوٹیفیکیشن میں وزارت داخلہ نے تحریک لبیک کو کالعم قرار دینے کی وجوہات بھی بیان کی ہیں۔

وزارت داخلہ کے مطابق تحریک لبیک دہشت گردی میں ملوث ہے، اس تنظیم نے خونی تشدد کی راہ اختیار کی ، ٹی ایل پی کی جانب سے سیکورٹی اہلکاروں کو قتل کیا گیا جب کہ عوام کو ڈرا دھمکا کر انارکی بھی پھیلائی جا رہی ہے ، اس سے قبل تحریک لبیک پاکستان پر پابندی عائد کرنے کیلئے وفاقی کابینہ سے سرکولیشن سمری کے ذریعے منظوری لی گئی تھی ، کابینہ ڈویژن نے انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت پابندی کی منظوری دی۔