امارات کی پاک بھارت تعلقات میں کشیدگی کے خاتمے کیلئے کردار کی تصدیق

کشمیر کے تنازع پر کشیدگی کم کروانے اور سیز فائر کروانے میں اہم کردار ادا کیا،اماراتی سفیر

جمعہ 16 اپریل 2021 12:58

امارات کی پاک بھارت تعلقات میں کشیدگی کے خاتمے کیلئے کردار کی تصدیق
واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اپریل2021ء) متحدہ عرب امارات نے پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کے خاتمے کے لیے ثالثی کے کردار کی تصدیق کر دی۔

(جاری ہے)

میڈیارپورٹس کے مطابق واشنگٹن میں یو اے ای کے سفیر یوسف العتیبہ کا ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھاکہ متحدہ عرب امارات نے پاکستان اور بھارت کے درمیان کشمیر کے تنازع پر کشیدگی کم کروانے اور سیز فائر کروانے میں اہم کردار ادا کیا، توقع ہے ان کوششوں کے نتیجے میں دونوں ممالک کے تعلقات بحال ہو جائیں گے۔

ان کا کہنا تھا پاکستان اور بھارت شاید اچھے دوست تو نا بن سکیں لیکن ہم چاہتے ہیں کہ دونوں ممالک کے تعلقات اس نہج پر پہنچ جائیں کہ دونوں آپس میں بات چیت تو کریں۔عرب میڈیا کے مطابق دونوں ملکوں کے درمیان خفیہ مذاکرات رواں برس جنوری میں متحدہ عرب امارات میں ہوئے تھے۔