عوام کو محفوظ اور پرامن ماحول کی فراہمی صوبائی حکومت کی اولین ذمہ داری ہے، گورنر سندھ کا وزیراعلی سندھ کو خط

قانون کی بالادستی کو ہر صورت برقرار رکھا جائے اور شرپسند عناصر کے خلاف قانونی کارروائی کو یقینی بنایا جائے، خط کا متن

جمعہ 16 اپریل 2021 15:11

عوام کو محفوظ اور پرامن ماحول کی فراہمی صوبائی حکومت کی اولین ذمہ داری ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اپریل2021ء) گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ عوام کو محفوظ اور پرامن ماحول کی فراہمی صوبائی حکومت کی اولین ذمہ داری ہے، وفاقی حکومت کا واضح موقف ہے کہ قانون کی بالادستی کو ہر صورت برقرار رکھا جائے اور شرپسند عناصر کے خلاف قانونی کارروائی کو یقینی بنایا جائے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ کے نام لکھے گئے خط میں کیا۔

گورنر سندھ عمران اسماعیل نے اپنے خط میں کہا کہ گزشتہ چند روز سے کراچی سمیت ملک کے تمام بڑے شہروں میں چند شرپسند عناصر ناجائز احتجاج اور دھرنے کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ ان حالات کی وجہ سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو قیام امن میں چیلنجز کا سامنا ہے۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے وفاقی حکومت کا بڑا واضح موقف ہے کہ قانون کی بالادستی کو ہر صورت برقرار رکھا جائے اور ایسے عناصر کے خلاف قانونی کارروائی کو یقینی بنایا جائے۔

گورنر سندھ نے کہا کہ صوبائی حکومت کی اولین ذمہ داری ہے کہ وہ عوام کو محفوظ اور پرامن ماحول فراہم کرے اور ان شرپسند عناصر کی وجہ سے پیدا ہونے والے ٹریفک کے تعطل کو ختم کرنے کے لئے تمام ممکنہ اقدامات یقینی بنائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت ایسے تمام اور دیگر چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لئے پرعزم ہے اور اس ضمن میں ہر ممکن کوششوں کو یقینی بنا رہی ہے۔

گورنر سندھ نے اپنے خط میں کورونا وائرس کی وباکا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی تیسری لہر نے پاکستانی عوام کو بری طرح متاثر کیا ہے لیکن الحمد اللہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں اس وباکو محدود کرنے کے لئے تمام دستیاب وسائل کے ساتھ پوری طرح پرعزم اور بھرپور طریقے سے کام کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ ملک کے دیگر حصوں کے مقابلے میں صوبہ سندھ میں مثبت کیسز کا تناسب کافی کم ہے تاہم ہمیں اس قدر مستحکم صورتحال کو برقرار رکھنے اور بہتر بنانے کے لئے مزید متحرک اور محتاط رہنے کی ضرورت ہے۔

این سی او سی اس ضمن میں تمام صوبوں کے ساتھ ایک جامع اور متفقہ حکمت عملی مرتب کر رہی ہے۔ گورنر سندھ نے یقین دلایا کہ وفاقی حکومت عوام کی فلاح و بہبود اور خصوصا متذکرہ پیچیدہ امور کو حل کرنے میں حکومت سندھ کی معاونت و مددگار رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے مابین عوام کی ترقی و خوشحالی کے لئے باہمی ہم آہنگی کے فروغ اور ہر قسم کی مدد اور تعاون فراہم کرنے کے سلسلے میں وہ اپنی آئینی ذمہ داریوں کو متحرک طریقے سے ادا کرتے رہیں گے۔ گورنر سندھ نے اپنے خط میں وزیراعلی سندھ کو رمضان المبارک کے مقدس مہینے کے آغاز پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ رب العزت ہم سب کو اس مہینے کی برکتوں اور فضیلتوں کے طفیل سلامتی اور مغفرت عطافرمائے۔