راولپنڈی چیمبر آف کامرس کا بجٹ کی تیاری میں سٹیک ہولڈرز کواعتماد میں لینے کا مطالبہ

جمعہ 16 اپریل 2021 15:15

راولپنڈی چیمبر آف کامرس کا بجٹ کی تیاری میں سٹیک ہولڈرز کواعتماد میں ..
راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اپریل2021ء) راولپنڈی چیمبر آف کامرس نے بجٹ کی تیاری میں سٹیک ہولڈرز کواعتماد میں لینے کا مطالبہ  کرتے ہوئے  کہاہے کہ بجٹ کی تیاری میں تاجروں کی تجاویز کو اہمیت دی جائے  اور انہیں زیر غور لایا جائے ۔راولپنڈی چیمبر آف کامرس کے صدر محمد ناصر مرزا نے  اے پی پی سے بات چیت کرتے ہوئے کہا  کہ ہمارا حکومت سے مطالبہ ہے کہ سٹیک ہولڈرز کے ساتھ مشاورت کرکے آئندہ مالی سال کا بجٹ بنایا جائے اور چیمبر کی تجاویز کو بجٹ میں شامل کیا جائے۔

انہوں نے کہاکہ  اس وقت پاکستانی معیشت کو کئی چیلنجز کا سامنا ہے، کوویڈ کے باعث سب سے زیادہ متاثر تاجر طبقہ ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ تاجر برادری کا  مطالبہ ہے کہ کاروباری لاگت کم کرنے کے لیے بجلی گیس کی قیمتیں کم کی جائیں۔

(جاری ہے)

ڈاکومنٹیشن اور رجسٹریشن کے نام پر تاجروں کو ہراساں نہ کیا جائے۔ سیلز ٹیکس کی شرح کم کر کے سنگل ڈیجٹ تک لایا جائے۔

پوائنٹ آف سیلز رجسٹریشن میں توسیع دی جائے۔ کرونا وبا کے اثرات سے بچنے کے لیے بلا سود قرضے دیئے جائیں۔ کاروباری خواتین خاص طور پر ہنرمند اور کاٹیج انڈسٹری سے وابستہ خواتین کو نرم شرائط پر بلا سود قرضے فراہم کیے جائیں۔ کنسٹرکشن پیکیج کی طرح باقی سیکٹرز کے لیے بھی مراعاتی پیکیج کا اعلان کیا جائے۔ ناصرمرزا نے کہا کہ کاروبار آسان کے لیے ایف بی آر تمام ٹیکسوں کو یکجا کر ے تاکہ فائلنگ کا کام آسان ہو اور تاجر کا وقت کم سے کم صرف ہو۔