وزیراعظم اعلانات کرتے ہیں لیکن وعدے وفا نہیں ہوتے،مرتضی وہاب

کپتان کا نیا نام اعلان خان تجویز کرنا چاہوں گا، ان سے تو ماضی کے منصوبے مکمل نہیں ہو رہے،ترجمان حکومت سندھ

جمعہ 16 اپریل 2021 15:39

وزیراعظم اعلانات کرتے ہیں لیکن وعدے وفا نہیں ہوتے،مرتضی وہاب
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اپریل2021ء) ترجمان سندھ حکومت اوروزیراعلیٰ سندھ کے مشیرقانون وماحولیات بیرسٹرمرتضی وہاب نے کہا ہے کہ وزیراعظم اعلانات کرتے ہیں لیکن وعدے وفا نہیں ہوتے، کپتان کا نیا نام اعلان خان تجویز کرنا چاہوں گا، ان سے تو ماضی کے منصوبے مکمل نہیں ہو رہے۔نیوز کانفرنس کرتے ہوئے مرتضی وہاب نے کہا کہ ہر سال رمضان المبارک میں وزیراعظم کی سندھ میں دلچسپی ہو جاتی ہے، یہ رمضان میں کراچی آتے ہیں اور اپنے ہسپتال کیلئے چندہ مانگ کر چلے جاتے ہیں، آج بھی گورنر ہائوس میں تقریب ہوگی، شوکت خانم ہسپتال کیلئے فنڈ ریزنگ کر کے چلے جائیں گے، عمران خان دنیا کے پہلے لیڈر ہیں جو حکومت میں ہوتے ہوئے دینے کی بجائے لے رہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ وزیراعظم کو جب کورونا ہوا تو ہم نے ان کی صحتیابی کیلئے دعائیں کیں، گورنر ہائوس میں ایک تقریب ہوئی جس میں سب ماسک کے بغیر ساتھ ساتھ بیٹھے تھے، اگر آپ کو اسی طرح کے اجتماعات اور جلسے کرنے ہیں تو اتنی ویکسین منگوا لیں جو پوری عوام کو لگا سکیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت ویکسی نیشن کے عمل میں تیزی لائے، ہم نے احتیاط نہ کی تو پریشانی کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے، سندھ میں کورونا وائرس کی صورتحال قابو میں ہے، کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کریں، ماسک لازمی پہنیں۔