اس مرتبہ عید پر لمبی چھٹیاں ملیں گی، متحدہ عرب امارات میں عید الفطر کی تاریخ کی پیشن گوئی کر دی گئی

امارات میں رواں برس رمضان المبارک 30 روزوں پر مشتمل ہونے کا قوی امکان، امارات میں مقیم پاکستانی اور دیگر شہریوں کو عید پر 5 چھٹیاں ملیں گی

muhammad ali محمد علی جمعہ 16 اپریل 2021 22:31

اس مرتبہ عید پر لمبی چھٹیاں ملیں گی، متحدہ عرب امارات میں عید الفطر ..
دبئی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 16اپریل 2021ء) اس مرتبہ عید پر لمبی چھٹیاں ملیں گی، متحدہ عرب امارات میں عید الفطر کی تاریخ کی پیشن گوئی کر دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات میں رہنے والے پاکستانیوں اور دیگر مسلمانوں کو خوشخبری سنائی گئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ قوی امکان ہے کہ عید الفطر پر امارات میں ملازمت کرنے والے افراد کو 5 چھٹیاں ملیں گی۔

اماراتی حکومت کے احکامات کے مطابق عید الفطر کے سلسلے میں 29 رمضان المبارک سے 3 شوال تک تعطیلات دی جائیں گی، اور چونکہ رواں برس امارات میں 30 روزے ہونے کا امکان ہے، اس لیے ملازمت پیشہ افراد کو اکٹھی 5 چھٹیاں مل جائیں گی۔ بتایا گیا ہے کہ متحدہ عرب امارات میں ماہرین فلکیات کی پیشن گوئیوں کے مطابق رمضان المبارک کا آغاز 13 اپریل بروز منگل سے ہوا، جبکہ امارات میں عید الفطر کی ممکنہ تاریخ کی پیشن گوئی بھی کی جا چکی۔

(جاری ہے)

ماہرین فلکیات کی رپورٹ کے مطابق امارات میں اس بار یکم شوال کا چاند 11 مئی 2021 کو طلوع ہو گا تاہم یہ 12 مئی منگل کے روز ہی دکھائی دے گا۔ 12 مئی کو چاند دیکھنے کی صورت میں متحدہ عرب امارات میں مقیم لاکھوں مسلان عید الفطر 13 مئی 2021ء کو منائیں گے۔ ماہرین فلکیات نے ناصرف عید الفطر، بلکہ عیدالضحیٰ اور حج کی تاریخوں کے حوالے سے بھی پیشن گوئی کی ہے۔

بتایا گیا ہے کہ امارات میں یکم ذی الحجہ کا چاند10 جولائی 2021ء کو دکھائی دے سکتا ہے، ایسا ہونے پر عید الاضحی یعنی 10 ذی الحجہ 20 جولائی بروز منگل ہو گی۔ جبکہ حج ایک روز قبل 19جولائی کو ہو گا۔ جبکہ نئے اسلامی سال کا آغاز، یکم ہجری 10 اگست بروز منگل کو ہونے کا بھرپور امکان ہے ۔