دُبئی میں ماسک نہ پہننے والے شخص کا بُرا انجام، 3 ماہ قید، ڈی پورٹ بھی ہوگا

مصری مجرم نے پولیس اہلکار سے بدتمیزی کی اور گھونسہ بھی دے مارا تھا

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 17 اپریل 2021 14:33

دُبئی میں ماسک نہ پہننے والے شخص کا بُرا انجام، 3 ماہ قید، ڈی پورٹ بھی ..
 دُبئی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔17 اپریل2021ء) اماراتی ریاست دُبئی میں کورونا ایس او پیز پر عمل نہ کرنے والوں سے سختی سے نمٹا جا رہا ہے۔ ماسک نہ پہننے اور سماجی فاصلہ اختیار نہ کرنے والوں پر بھاری جرمانے عائد ہو رہے ہیں ۔ اس کے باوجود کچھ ڈھیٹ لوگ گھر سے باہر ماسک نہ پہن کر اپنی اور دوسروں کی زندگیاں خطرے میں ڈال رہے ہیں اور اس سنگین خلاف ورزی پر اُلٹا پولیس والوں سے اکڑ جاتے ہیں۔

عدالت نے ایک ایسے ہی ضدی شخص کو ساتھی سمیت تین ماہ قید اور ڈی پورٹ کرنے کی سزا سُنا دی ہے۔ استغاثہ کے مطابق ایک مصری باشندے نے اپنے ساتھی کے ساتھ مل کر پولیس والے سے بدتمیزی کی تھی اور اسے گھونسہ بھی دے مارا تھا۔ دونوں ملزمان نے گاڑی بھگانے کی بھی کوشش کی تھی۔یہ واردات اس وقت پیش آئی تھی جب نائف کے علاقے میں تعینات ایک پولیس اہلکار نے 46 سال مصری کار سوار کو روکا تھا، جس نے ماسک نہیں پہن رکھا تھا۔

(جاری ہے)

ملزم نے پولیس اہلکار کو بتایا کہ اس پر پہلے بھی ماسک نہ پہننے پر جرمانہ ہو چکا ہے، جس کی وجہ سے اس کا آئی ڈی کارڈ پولیس نے ضبط کر لیا ہے۔ پولیس اہلکار کے مطابق ”ملزم نے مجھے کہا کہ میں اسے پولیس اسٹیشن نہ جاؤں، بلکہ جرمانے کی رقم وصول کر لوں۔ تاہم میں نے اسے کہا کہ قانونی طور پر میرے پاس جرمانہ وصول کرنے کا اختیار نہیں ہے۔ تاہم ملزم اور اس کا ساتھی مجھ سے بحث کرتا رہا۔

اس دوران ملزم کا ساتھی موبائل فون سے ویڈیو بنانے لگ گیا۔ میں نے اسے کہا کہ وہ موبائل فون میرے حوالے کر دے کیونکہ پولیس اہلکار کی ویڈیو بنانا قانونی طور پر جُرم ہے۔ تاہم انہوں نے مجھے موبائل پکڑانے سے انکار کر دیا۔ جب تکرار بڑھ گئی تو انہوں نے مجھ سے بدتمیزی شروع کر دی اور پھر ملزم نے مجھے مُکا مار دیا۔ اور پھر سنگین نتائج کی دھمکیاں دے کر گاڑی بھگا دی، تاہم ٹریفک پوسٹ سے ٹکرا کر گاڑی رُک گئی تو انہیں دیگر اہلکاروں نے گرفتار کر لیا۔ عدالت نے مصری ملزم اور اس کے 32سالہ ہم وطن کو پولیس اہلکار پر حملے کا مجرم قرار دے کر تین ماہ قید اور ڈی پورٹ کیے جانے کی سزا سُنا دی ہے۔