عالمی اسکواش فیڈریشن کی 51ویں سالانہ جنرل میٹنگ اور کانفرنس2021 کا پاکستان میں منعقد ہوگی

ہفتہ 17 اپریل 2021 20:52

عالمی اسکواش فیڈریشن کی 51ویں سالانہ جنرل میٹنگ اور کانفرنس2021 کا پاکستان ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 اپریل2021ء) پاکستان اسکواش فیڈریشن نے اعلان کیا ہے کہ ورلڈ اسکواش فیڈریشن نے 51ویں سالانہ میٹنگ اور کانفرنس 2021 کیلیے پاکستان کا انتخاب کیا ہے جو کہ اس سال پاک فضائیہ اور سیرینا ہوٹل کے اشتراک سے 24 تا 28 نومبر اسلام آباد میں منعقد کی جائے گی۔عالمی اسکواش فیڈریشن کی صدر مس زینا وولڈریج نے پاکستان اسکواش فیڈریشن کو اپنے پیغام میں کہا کہ اسکواش کے کھیل میں پاکستان کا ایک بہت اہم مقام ہے کیونکہ سابق عالمی نمبر ونز اور عالمی چیمپئینز کا تعلق اسی ملک سے ہے۔

لہٰذا WSF کی سالانہ جنرل میٹنگز کی دوسری نصف سنچری کا آغاز بھی پاکستان سے ہی ہونا چاہئے۔ انہوں نے اسکواش لیجنڈ جہانگیر خان کو ورلڈ اسکواش فیڈریشن کے سفیر کا خطاب دیتے ہوئے کہا کہ کووڈ 19 عالمی وبائ کے تناظر میں ہم گزشتہ سال نومبر میں منعقدہ سالانہ جنرل میٹنگ میں بالمشافہ نہ مل سکے چنانچہ میں اس سال قومی فیڈریشنز کے ممبران سے ملنے کی خواہاں ہوں۔

(جاری ہے)

عالمی اسکواش فیڈریشن کی سالانہ میٹنگ کا پاکستان میں انعقاد پاکستان اسکواش فیڈریشن کے سینئر وائس پریزیڈنٹ ائیر مارشل عامر مسعود کی کاوشوں کا ثمر ہے جو ایک سال سے زائد عرصے سے اس کے لئے کوشاں ہیں۔ اس تاریخی موقع پر ائیر مارشل عامر مسعود نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں عالمی اسکواش فیڈریشن بورڈ کے ڈائیریکٹرز خصوصاًً صدر زینا وولڈریج اور سی ای او ولیم لوئس میری کے پاکستان پر اعتماد کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

اے جی ایم کیلئے پاکستان کا انتخاب اسکواش کیلئے پاکستان کی مثبت کاوشوں کا اعتراف ہے جو ورلڈ چیمپیئن پیدا کرنے کی میراث رکھتا ہے۔ مجھے ذاتی طور پر یقین ہے کہ پاکستان میں ہونے والی سالانہ جنرل میٹنگ کے بعد نہ صرف پاکستان میں اسکواش کے کھیل کو بین الاقوامی طور پر پزیرائی ملے گی بلکہ پاکستان سے متعلق شر کائ کے خیالات میں بھی مثبت تبدیلی واقع ہو گی۔

انہوں نے سی ای او سیرینا ہوٹل عزیز بولانی کی بھی تعریف کی جنکی اس ایونٹ کی میزبانی کے لئے ہر ممکن تعاون کی پیشکش ان کی پاکستان اور اسکواش کے کھیل سے محبت کی عکاس ہے۔ پاکستان اسکواش فیڈریشن امید کرتی ہے کہ یہ ایونٹ پاکستان میں مستقبل میں منعقد ہونے والے بین الاقوامی ایونٹس اور چیمپئین شپس کے انعقاد میں مددگار ثابت ہو گا جو اسکواش کو نئی بلندیوں تک لے جانے میں معاون ثابت ہو گا۔

پی ایس ایف مئی میں مردوں اور خواتین کے لئے چیف آف دی ائیر سٹاف انٹرنیشنل ٹورنامنٹ کے علاوہ اس سال اگست میں مردوں اور خواتین کے لئے انفرادی ایشین چیمپئین شپ کے انعقاد کا بھی ارادہ رکھتی ہے۔ یہ ایونٹس پاک فضائیہ، سیرینا ہوٹل، پاکستان اسپورٹس بورڈ اور کامبیکس سپورٹس کے مشترکہ تعاون سے منعقد کیے جائیں گے۔