سربراہ کالعدم ٹی ایل پی کا نام مشتبہ دہشتگردوں کی فہرست شیڈول فورتھ میں شامل

سعد رضوی کی جائیداد منجمد، شناختی کارڈ بلاک اور بینک اکاؤنٹ بھی استعمال نہیں کرسکیں گے، سعد رضوی کو متعلقہ تھانے کو نقل وحرکت کی تفصیل بھی دینا ہوگی، محکمہ داخلہ پنجاب کا نوٹیفکیشن جاری

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 17 اپریل 2021 21:14

سربراہ کالعدم ٹی ایل پی کا نام مشتبہ دہشتگردوں کی فہرست شیڈول فورتھ ..
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 17 اپریل2021ء) سربراہ کالعدم ٹی ایل پی کا نام مشتبہ دہشتگردوں کی فہرست شیڈول فورتھ میں شامل کرلیا گیا، جس کے باعث سعد رضوی کا شناختی کارڈ بلاک کردیا گیا ، سعد رضوی کوئی بینک اکاؤنٹ استعمال نہیں کرسکیں گے، سعد رضوی کہاں جاتا ہے، کس سے ملتا ہے اس کی بھی تفصیل دینا ہوگی، محکمہ داخلہ پنجاب نے نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق تحریک لبیک پاکستان کو کالعدم قرار دینے کے بعد مزید پابندیاں عائد کردی گئی ہیں۔ سربراہ تحریک لبیک حافظ سعد رضوی کے اکاؤنٹس اور اثاثے منجمد کردیے گئے، سعد رضوی کسی قسم کی جائیداد کی خریدوفروخت بھی نہیں کرسکیں گے۔ سربراہ کالعدم ٹی ایل پی کا نام مشتبہ دہشتگردوں کی فہرست شیڈول 4 میں شامل کرلیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

محکمہ داخلہ پنجاب نے سعد رضوی کا نام مشتبہ دہشتگردوں کی فہرست شیڈول 4 شامل کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔

سعد رضوی کا شناختی کارڈ بھی بلاک کردیا گیا ہے۔ سعد رضوی کوئی بینک اکاؤنٹ استعمال نہیں کرسکیں گے۔ سعد رضوی کو اپنا پاسپورٹ متعلقہ تھانے میں جمع کروانا ہوگا، سعد رضوی کہاں جاتا ہے، کس سے ملتا ہے اس کی بھی تفصیل دینا ہوگی۔ مستقل رہائش گاہ سے کہیں بھی جانے سے پہلے پیشگی اجازت لینا ہوگی۔ بتایا گیا ہے کہ نیکٹا نے تحریک لبیک کا نام کالعدم جماعتوں کی فہرست میں شامل کرلیا ہے۔

واضح رہے وزارت داخلہ نے تحریک لبیک پاکستان کو کالعدم جماعت قرار دے دیا ہے، ٹی ایل پی کو انسداد دہشتگردی ایکٹ 1997 کے تحت کالعدم قرار دیا گیا، تحریک لبیک کو کالعدم قرار دینے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔ نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ تحریک لبیک ملک میں دہشتگردی اور دوسرے گھناؤنے جرائم میں ملوث ہے۔