’سعودی عرب نے کورونا وبا کا بہترین اور سائنسی طریقہ کار سے مقابلہ کیا ہے‘

عالمی ادارہ صحت نے کورونا سے کامیابی سے نمٹنے والے ممالک میں سعودی عرب کو سرفہرست قرار دے دیا

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 19 اپریل 2021 10:16

’سعودی عرب نے کورونا وبا کا بہترین اور سائنسی طریقہ کار سے مقابلہ کیا ..
ریاض(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔19 اپریل2021ء) دُنیا کے درجنوں ممالک میں کورونا وبا نے بہت زیادہ تباہی مچائی ہے۔ اب تک 30 لاکھ سے زائد افراد اس بیماری کے ہاتھوں لقمہ اجل بن چکے ہیں۔ تاہم سعودی حکومت نے پہلے دن سے ہی ایسے موثر احتیاطی اقدامات کیے ، جس اس وبا کو قابو میں رکھنے میں مدد ملی ہے۔ عالمی ادارہ صحت نے بھی سعودی عرب کو شاباش دے دی ہے۔

العربیہ نیوز کے مطابق عالمی ادارہ صحت کی جانب سے ایک پریس کانفرنس میں بتایا گیا ہے کہ سعودی عرب نے کورونا وبا کے ابتدائی ایام میں وبا کے خطرات کے پیش نظر سائنسی طریقہ کار اختیار کیا اور آج بھی مملکت میں وبا سے نمٹنے کے لیے وہ اصول باقاعدگی سے اپنائے جا رہے ہیں۔ عالمی ادارہ صحت کا کہنا ہے کہ سعودی عرب نے دیگر خلیجی ممالک دنیا کے دوسرے ملکوں کی نسبت کرونا وبا کے خلاف موثر طریقے سے کام کیا۔

(جاری ہے)

سعودی عرب کا اختیار کردہ طریقہ کار وبا کی روک تھام کے لیے صحت اور سائنس کے بنیادی اصولوں سے ہم آہنگ تھا جس کی بدولت مملکت میں کرونا کی وبا کو زیادہ پھیلنے کا موقع نہیں مل سکا۔ سعودی عرب نے وہ تمام ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کیں جو وبا کی روک تھام کے لیے ناگزیر تھیں اور ان کاتقاضا تھا۔مشرقی بحیرہ روم کے خطے میں عالمی ادارہ صحت کے ریجنل ڈائریکٹر ڈاکٹر احمد المنظری نے کہا ہے کہ تنظیم میں عمل درآمد کی تشخیص کے نتائج کی بنیاد پر سعودی عرب نے بحران کے آغاز سے ہی ایک اچھا کام کیا ہے۔

ملک ، اسپتالوں اور صحت کے مراکز میں داخل ہونے والے تمام مقامات پر موثر نگرانی کو مضبوط بنانا ، متاثرہ ممالک سے آنے والے تمام مسافروں کی داخلے پر اسکریننگ کا اطلاق کرنا ، فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز کو تربیت دینا ، قرنطین میں مریضوں کو الگ تھلگ رکھنا ، تصدیق شدہ مریضوں کو فوری طور پر دوسرے لوگوں سے الگ کرنا اور عوام کو وبا کے خطرات کے حوالے سے بریفنگ دینا جیسے اصول اپنا کر سعودی عرب نے کرونا کو شکست دی۔

گذشتہ سال 'جی 20' کے ذریعے سعودی عرب نے وبا سے متعلق بین الاقوامی ردعمل کو مستحکم کرنے میں قائدانہ کردار ادا کیا تھا۔ آج ویکسینوں کے سامنے آنے، ان کی تقسیم اور شہریوں کو زیادہ سے زیادہ تعداد میں ویکسین لگانا سعودی حکومت کیقابل تحسین اقدامات ہیں جس کے باعث سعودی عرب وبا سے لڑنے اور کافی حد تک محفوظ رہنے والے ممالک کی فہرست میں پہلے نمبر پرآگیا ہے۔