سعودیہ میں روزہ داروں کو محکمہ موسمیات نے خوش خبری سُنا دی

آج سوموار کے روز بھی مکہ مکرمہ،جازان اورعسیر سمیت متعدد علاقوں میں بارش اور ژالہ باری ہو گی

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 19 اپریل 2021 11:13

سعودیہ میں روزہ داروں کو محکمہ موسمیات نے خوش خبری سُنا دی
 ریاض(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔19 اپریل2021ء) سعودی عرب کا شمار دُنیا کے گرم ترین خطوں میں ہوتا ہے۔ تاہم رمضان المبارک کے پہلے ہفتے کے دوران سعودی عرب میں گرج چمک کے ساتھ بارشیں ہونے لگی ہیں، جس کے بعد گرمی کازور ٹوٹ گیا ہے۔گزشتہ کئی روز سے متعدد مقامات پر موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ محکمہ موسمیات نے آج سوموار کے روز بھی روزہ داروں کو تیز بارش اور ژالہ باری کی خوش خبری سُنا دی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج مکہ مکرمہ، جازان، عسیر اور باحہ میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور ژالہ باری ہو گی۔ بارشوں سے قبل تیز گرد آلود ہوائیں بھی چلیں گی۔ جس سے گرمی کا زور ٹوٹ جائے گا۔ گزشتہ روز طائف میں خوب بارش اور ژالہ باری ہوئی ہے جس کے بعد کئی علاقوں میں طغیانی آ گئی ہے ۔

(جاری ہے)

خطرات کے پیش نظر الھداکے پہاڑی راستے کو بند کر دیا گیا ہے۔

آج سب سے کم گرمی ابہا میں ہو گی جہاں درجہ حرارت 15 ڈگری ہو گا جبکہ سب سے زیادہ گرمی 39 سینٹی گریڈ کے ساتھ مکہ مکرمہ میں پڑے گی۔ محکمہ شہری دفاع کی جانب سے مقامی افراد اور تارکین سے کہا گیا ہے کہ بارش کے دوران وادیوں اور نشیبی علاقوں کا رُخ کرنے سے گریز کریں اور کسی بھی پکنک کی غرض سے نہ جائیں۔ کیونکہ نشیبی علاقوں میں پانی اکٹھا ہونے سے ڈرائیورز کو شدید مشکلات کا سامنا ہو سکتا ہے۔

خصوصاًگاڑیوں کے وائپرزکو سفر سے پہلے چیک کر لیا جائے کیونکہ بارش ہونے کی صورت میں وائپر خراب ہونے پر گاڑی چلانے میں انتہائی دشواری ہوتی ہے اور حادثات کا امکان بڑھ جاتا ہے۔ تمام ڈرائیورز حدِ رفتار سے تجاوز نہ کریں اور طغیانی والے علاقوں سے دُور رہنا ہی بہتر ہو گا۔ کیونکہ ماضی میں بارشوں کے دوران کئی سیاحوں اور ڈرائیورز کی وادیوں میں پانی میں پھنس جانے سے جانیں جا چکی ہیں۔