کالعدم تحریک لبیک کے ساتھ مذاکرات میں ڈیڈ لاک ختم کروانے والی شخصیت کا نام سامنے آگیا

کالعدم ٹی ایل پی نے پنجاب حکومت کے کسی بھی نمائندے سے گفتگو سے انکار کیا تو گورنرپنجاب چوہدری سرور نے پیر کے روز مذاکراتی عمل کا باقاعدہ آغاز کروایا ، فرانسیسی سفیر کی ملک بدری کے معاملے پر ڈیڈ لاک ختم کروانے کیلئے گورنر پنجاب نے اہم کردار ادا کیا ، ذرائع

Sajid Ali ساجد علی منگل 20 اپریل 2021 11:21

کالعدم تحریک لبیک کے ساتھ مذاکرات میں ڈیڈ لاک ختم کروانے والی شخصیت ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 20 اپریل2021ء) کالعدم تحریک لبیک پاکستان کے ساتھ حکومت کے مذاکرات میں ڈیڈ لاک ختم کروانے والی شخصیت کا نام سامنے آگیا ، حکومت اور کالعدم تحریک لبیک میں مذاکرات کی کامیابی میں گورنر چوہدری سرور نے اہم کردار ادا کیا۔ میڈیا ذرائع کے مطابق کالعدم تحریک لبیک پاکستان نے پنجاب حکومت کے کسی بھی نمائندے سے گفتگو سے انکار کردیاتھا ، جس کے بعد ٹی ایل پی کو راضی کرنے کے لیے گورنرپنجاب چوہدری سرور میدان میں آئے اور انہوں نے پیر کے روز مذاکراتی عمل کا باقاعدہ آغاز بھی کروادیا۔

 بتایا گیا ہے کہ گورنر پنجاب چوہدری سرور ناصرف اپنی سیاسی معاملہ فہمی سے معاملات کو سلجھاتے رہے بلکہ فرانسیسی سفیر کی ملک بدری کے معاملے پر ڈیڈ لاک ختم کروانے کیلئے بھی گورنر نے ہی کردار ادا کیا جب کہ کالعدم ٹی ایل پی سے ہونے والے مذاکرات کے پہلے دور میں پولیس افسر و اہلکاروں کی بازیابی ہوئی اور دوسرے مرحلے میں مذاکرات کی میز پر بیٹھ کر معاملات کیلئے راضی کیا گیا جب کہ منگل کے روز ٹی ایل پی کے ساتھ مذاکراتی عمل کے3 دور کیے گئے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب 6 روز تک معطل رہنے کے بعد لاہور کے مختلف علاقوں میں انٹرنیٹ سروس بحال کردی گئی ، تفصیلات کے مطابق ملتان روڈ کے مختلف علاقوں میں انٹرنیٹ سروس بحال کردی گئی ہے ، اس کے علاوہ منصورہ ، علامہ اقبال ٹاوَن ، یتیم خانہ چوک پر بھی انٹرنیٹ سروس بحال ہوچکی ہے جب کہ مولانہ شوکت علی روڈ، جوہر ٹاوَن کے علاقوں میں بھی انٹرنیٹ سروس بحال کردی گئی ہے۔

قبل ازیں وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے بتایا کہ حکومت اور تحریک لبیک پاکستان کے درمیان طویل مذاکرات کامیاب ہو گئے ، اپنے ایک بیان میں انہوں نے بتایا کہ حکومتی وفد اور تحریک لبیک پاکستان کے رہنماؤں کے درمیان یہ بات طے پائی ہے کہ آج قومی اسمبلی میں فرانسیسی سفیر کی ملک بدری کی قرارداد پیش کی جائے گی اور تحریک لبیک لاہور میں اپنے مرکز مسجد رحمت العالمین سمیت ملک بھر سے دھرنے ختم کردے گی جب کہ بات چیت اور مذاکرات کا سلسلہ آگے بڑھایا جائے گا اور جن لوگوں کےخلاف شیڈول فورتھ سمیت مقدمات درج ہیں ان کا اخراج بھی کردیا جائے گا۔