وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی وزارتِ خارجہ، متحدہ عرب امارات آمد

اماراتی وزیر خارجہ جناب شیخ عبداللہ بن زاید النہیان نے وزیر خارجہ کا پرتپاک خیر مقدم کیا

Umer Jamshaid عمر جمشید منگل 20 اپریل 2021 12:48

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی وزارتِ خارجہ، متحدہ عرب امارات ..
ابوظہبی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 20 اپریل 2021ء،نمائندہ خصوصی،اعجاز احمدگوندل) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی ابوظہبی میں، اماراتی ہم منصب جناب شیخ عبداللہ بن زاید النہیان سے ملاقات
دوران ملاقات دو طرفہ تعلقات ،کثیرالجہتی شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ سمیت اہم علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال
دونوں وزرائے خارجہ کے مابین ، تجارت، سرمایہ کاری، انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ، توانائی، ٹیکنالوجی، سیاحت اور افرادی قوت سمیت باہمی دلچسپی کے شعبوں میں دو طرفہ تعاون بڑھانے کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ ء خیال
وزیر خارجہ نے ایکسپو 2020 دبئی میں پاکستانی پویلین کے قیام میں اماراتی حکومت کی بھرپور معاونت پر، اماراتی وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کیا

اماراتی وزیر خارجہ  نے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کو بتایا کہ متحدہ عرب امارات نے، ابو ظہبی فنڈ سے پاکستان کو دیے گئے 2 ارب ڈالر" امدادی قرض"  کی  واپسی کی مدت میں توسیع کا فیصلہ کیا ہے
وزیر خارجہ نے اس خیر سگالی اقدام پر اماراتی وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے، اسے پاکستان اور یو اے ای کے درمیان بڑھتے ہوئے دو طرفہ تعلقات کا مظہر قرار دیا
 واضح رہے کہ پاکستان  کو  ابوظہبی  فنڈ سے ملنے  والے دو ارب ڈالر امدادی قرض کی ادائیگی، 19 اپریل 2021 تک کرنا تھی
پاکستان، رواں سال، اکتوبر میں متوقع "دبئی ایکسپو 2020" میں بھرپور شرکت کریگا اور اس ایکسپو کے ذریعے دنیا کی توجہ، پاکستان کی تاریخ، جغرافیائی اہمیت، تہذیب و تمدن اور پاکستان میں کاروبار اور سیاحت کے میسر وسیع مواقعوں کی جانب مبذول کروائیں گے مخدوم شاہ محمود قریشی

وزیر خارجہ نے کرونا وبا کے دوران ،یو اے ای میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی معاونت کرنے اور پاکستانی ورک فورس کا خصوصی خیال رکھنے پر اماراتی وزیر خارجہ اور متحدہ عرب امارات کی قیادت کا شکریہ ادا کیا
وزیر خارجہ نے اماراتی ہم. منصب کو ویزہ کے حصول میں مشکلات سمیت پاکستانی کمیونٹی کو درپیش مسائل سے آگاہ کرتے ہوئے انہیں جلد حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا
اماراتی وزیر خارجہ جناب شیخ عبداللہ بن زاید النہیان نے متحدہ عرب امارات کی تعمیر و ترقی میں، پاکستانی کمیونٹی کی گرانقدر خدمات کو سراہا
وزیر خارجہ نے اپنے اماراتی ہم منصب کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیوں اور بھارتی پالیسیوں کے باعث خطے کے امن کو درپیش خطرات سے آگاہ کیا
دونوں وزرائے خارجہ کے مابین "افغان امن عمل" سمیت باہمی دلچسپی کے اہم علاقائی و عالمی امور زیر بحث آئے
دونوں وزرائے خارجہ کا عالمی فورمز پر دو طرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق
وزیر خارجہ نے دورہ ء یو اے ای کے دوران کیے گئے پرتپاک خیر مقدم اور بہترین میزبانی پر، اماراتی وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کیا
وزیر خارجہ نے اپنے اماراتی ہم منصب کو جلد دورہ ء پاکستان کی دعوت دی جسے انہوں نے شکریے کے ساتھ قبول کیا
 واضح رہے کہ یہ گذشتہ چار ماہ کے دوران، وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا ،متحدہ عرب امارات کا دوسرا دورہ ہے جو دونوں ممالک کے مابین مثبت سمت میں، بڑھتے ہوئے دو طرفہ تعلقات اور اعلیٰ سطحی روابط کی عکاسی کرتا ہے